تہران: ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عارف نے اتوار کو خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں استحکام کی ایک قیمت ہے اور یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ ایران اپنی تیل برآمدات پر پابندیوں کے باوجود دوسروں کے لیے مفت سمندری سکیورٹی فراہم کرے جبکہ امریکہ کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سکیورٹی مفت نہیں ہے۔ ایران کی تیل برآمدات کو محدود کر کے دوسروں کے لیے مفت سکیورٹی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل دباؤ کے نتائج عالمی سطح پر سامنے آئیں گے خاص طور پر توانائی کی منڈیوں پر اس کے اثرات پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخاب واضح ہے یا تو سب کے لیے آزاد تیل کی منڈی ہو یا پھر سب کے لیے بھاری لاگت کا خطرہ۔
محمد رضا عارف نے زور دیا کہ عالمی ایندھن کی قیمتوں میں طویل مدتی استحکام کے لیے ایران اور اس کے اتحادیوں پر معاشی اور فوجی دباؤ کا خاتمہ ضروری ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ایران نے تصدیق کی کہ بحیرہ عمان میں ایک امریکی کارروائی نے ایرانی تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا۔
ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے ایک بیان میں امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور سمندری قزاقی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کی مسلح افواج جلد اس امریکی اقدام کا جواب دیں گی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے بحیرہ عرب میں ایرانی پرچم بردار جہاز توسکا کو روک کر ناکارہ بنایا کیونکہ اس نے امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔
سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس سپروانس نے متعدد انتباہات کے بعد جہاز کے انجن روم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی حرکت بند ہو گئی اور بعد میں امریکی میرینز نے جہاز پر قبضہ کر لیا جو اب امریکی تحویل میں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا کہ جہاز کو مکمل طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اسے خلیج عمان میں روک لیا گیا تھا۔
یہ تمام پیش رفت آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی غیر یقینی صورتحال کے درمیان سامنے آئی ہے جہاں ایران نے امریکہ کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے واشنگٹن پر فوجی اور معاشی دباؤ بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔