نیویارک/ آواز دی وائس
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بدھ کو نیویارک میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کرنے جا رہی ہے۔ یہ فیصلہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کیا گیا ہے، جس میں حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کے اقوام متحدہ میں سفیر ڈینی ڈینون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ یہ اجلاس مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق جمعرات کو رات 12:30 بجے) منعقد ہوگا۔ یہ اس وقت بلایا گیا جب اسرائیل نے دوحہ میں رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا، جہاں حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان مقیم تھے۔ اس حملے نے دنیا بھر میں شدید ردِعمل کو جنم دیا ہے۔
اسرائیلی سفیر نے تل ابیب کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو کوئی استثنیٰ نہیں ملے گا اور اسرائیل "دہشت گردی کے رہنماؤں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی" جاری رکھے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل آج نیویارک کے وقت کے مطابق 3 بجے (اسرائیل کے وقت کے مطابق رات 10 بجے) ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی۔ میں کونسل پر بالکل واضح کرنا چاہتا ہوں: دہشت گردوں کو کوئی استثنیٰ نہیں دیا جائے گا — نہ غزہ میں، نہ لبنان میں اور نہ قطر میں۔ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جہاں بھی دہشت گردی کے رہنما چھپے ہوں گے، ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھیں گے۔
یہ اقدام منگل کو اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کے بعد آیا ہے، جن میں دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ ایک غیر معمولی فوجی کارروائی تھی کیونکہ قطر امریکہ کا قریبی اتحادی اور غزہ جنگ بندی مذاکرات کا اہم ثالث ہے۔
اسرائیل نے فوراً اس حملے کی ذمہ داری قبول کی اور اسے "سمِٹ آف فائر" کوڈ نامی آپریشن کا حصہ قرار دیا۔ حماس کے مطابق، اس حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے جن میں اس کے پانچ ارکان شامل تھے۔ تاہم حماس نے تصدیق کی کہ اس کا مذاکراتی وفد محفوظ رہا۔
ہلاک ہونے والوں میں حماس کے چیف نیگو شی ایٹر خلیل الحیہ کے بیٹے اور ان کے دفتر کے ڈائریکٹر شامل تھے۔ سی این این نے مزید بتایا کہ ایک قطری سیکیورٹی اہلکار بھی اس حملے میں ہلاک ہوا۔
یہ حملہ دوحہ کے ویسٹ بے لاگون علاقے میں کیا گیا جو ایک اعلیٰ رہائشی علاقہ ہے اور جہاں حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان مقیم تھے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اس وقت وہ امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی تجویز کا جائزہ لے رہے تھے۔ خلیل الحیہ اس حملے کا اصل ہدف تھے لیکن وہ زندہ بچ گئے۔ حملے کے بعد قطر کی وزارتِ خارجہ نے اس کارروائی کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے "بزدلانہ" اور "مجرمانہ حملہ" قرار دیا اور کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر کی ریاست دوحہ میں حماس کے سیاسی بیورو کے کئی ارکان کے رہائشی مکانات کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتی ہے۔ یہ مجرمانہ کارروائی تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور قطری شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات اعلیٰ سطح پر جاری ہیں اور دستیاب معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔ قطر نے یہ بھی انتباہ دیا کہ وہ "اس لاپرواہ اسرائیلی رویے اور خطے کی سلامتی کو مسلسل نقصان پہنچانے کو برداشت نہیں کرے گا۔"
بیان میں کہا گیا کہ وزارت اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ سیکیورٹی فورسز، سول ڈیفنس اور متعلقہ حکام نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے واقعے پر قابو پانے اور رہائشیوں اور اردگرد کے علاقے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ قطر کی ریاست اس حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ وہ اس طرح کے اسرائیلی اقدامات کو برداشت نہیں کرے گی جو خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالیں یا اس کی خودمختاری کو نشانہ بنائیں۔
فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے بھی اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج قطر میں اسرائیلی حملے کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہیں، چاہے اس کی کوئی بھی وجہ ہو۔ میں قطر اور اس کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں۔ جنگ کو کسی صورت پورے خطے میں پھیلنے نہیں دیا جانا چاہیے۔