ڈھاکہ: سعودی عرب کے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کے نائب وزیر رمیح بن محمد الرمیح کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کے روز بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان سے ملاقات کی۔ وفد میں ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل کے اعلیٰ عہدیداران بھی شامل تھے۔
یہ ملاقات قومی پارلیمنٹ بھون میں واقع وزیر اعظم کے دفتر میں ہوئی جہاں دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات۔ سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم طارق رحمان نے کہا کہ ان کی حکومت سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
وفد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل بنگلہ دیش میں بے ٹرمینل کی تعمیر کے لیے 180 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی بنگلہ دیش میں بندرگاہوں کے انتظام سے متعلق اپنی مجموعی سرمایہ کاری کو بڑھا کر ایک ارب امریکی ڈالر تک لے جانا چاہتی ہے۔
سعودی وفد نے یہ بھی بتایا کہ ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل سمیت سعودی عرب کے مختلف ادارے بنگلہ دیش کے دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم طارق رحمان نے وفد کو اپنی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ اس نے بنگلہ دیش میں بندرگاہوں۔ ریلوے اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا ہے اور ان معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان آئندہ مشترکہ اجلاسوں میں تفصیلی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
وزیر اعظم نے بنگلہ دیش کا دورہ کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے پر سعودی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ وزیر اعظم طارق رحمان کے سعودی عرب کے دورے کے منتظر ہیں۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر برائے سڑک نقل و حمل۔ پل اور ریلوے شیخ ربیع الاسلام۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر اور بنگلہ دیش انویسٹمنٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین عاشق چودھری بھی موجود تھے۔
سعودی وفد میں سرمایہ کاری کی ترقی کے معاون نائب وزیر انجینئر عمار الطاف۔ ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل کے بورڈ کے سربراہ عامر رضا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر لارس وانگ۔ بنگلہ دیش میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبداللہ بن ابیہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔