محمد بن سلمان - سعودی عرب امریکا کو ایک طویل المدت شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2025
 محمد بن سلمان - سعودی عرب امریکا کو ایک طویل المدت شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے
محمد بن سلمان - سعودی عرب امریکا کو ایک طویل المدت شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے

 



واشنگٹن ڈی سی،: وہائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب، امریکا کو نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں ’’طویل المدت شراکت دار‘‘ کے طور پر دیکھتا ہے۔

وہ بولے کہ اس دورے میں سعودی عرب مزید سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرے گا، اور ٹیکنالوجی، اے آئی اور جدید مٹیریلز جیسے شعبوں میں نئے معاہدوں کا اعلان ہوگا۔

ولی عہد نے کہا، ’’سعودی، امریکا تعلقات تقریباً نو دہائیوں پر پھیلے ہوئے ہیں، اور آج کا دن خاص ہے کیونکہ دونوں ملک مستقبل کی سمت دیکھ رہے ہیں۔ سعودی عرب کو امریکا کی معاشی سمت اور اس کی بنیادوں پر پورا اعتماد ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ آنے والے معاہدے دونوں ملکوں کو بڑے معاشی فائدے دیں گے اور سعودی عرب چاہتا ہے کہ مستقبل کی ٹیکنالوجی—جیسے کہ اے آئی اور ایڈوانسڈ ٹیک—کے میدان میں امریکا کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب ’’امریکا کو خوش کرنے‘‘ کے لیے نہیں، بلکہ حقیقتاً بڑے مواقع ہیں۔ مثال دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو سپر کمپیوٹنگ پاور کی بڑی ضرورت ہے، اور وہ صرف سیمی کنڈکٹرز کے استعمال پر ہی اگلے چند سال میں تقریباً 50 ارب ڈالر خرچ کرے گا۔

علاقائی معاملات پر بات کرتے ہوئے محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے اور ابراہام معاہدوں میں شامل ہونے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ’’دو ریاستی حل‘‘ کا واضح راستہ طے ہو۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ اس بارے میں مثبت اور تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، اور دونوں اس سمت میں آگے بڑھنے کے لیے کام کریں گے۔یہ 2018 میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد محمد بن سلمان کا پہلا دورۂ واشنگٹن ہے۔