سعودی عرب بنا رہا خواتین کے لئے مخصوص بیچ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-03-2021
سعودی عرب میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل بنانے کی تیاریاں جاری ہیں
سعودی عرب میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل بنانے کی تیاریاں جاری ہیں

 

 

ریاض

سعودی عرب میں حکومت کی جانب سے روایتی نظام میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے- اس کے لئے حکومت نے خواتین کو اجتماعی زندگی میں حقوق دینے کے حوالے سے متعدد اقدام شروع کئے ہیں ۔ اس کڑی میں خواتین کے لئے ساحل سمندر کو بھی سازگار بنایا جا رہا ہے ۔

ملک میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحل بنانے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ساحل کا ڈیزائن بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ مجوزہ ساحل الجبیل انڈسٹریل سٹی کی جانب سے تیار کیا جائے گا۔

الجبیل انڈسٹریل سٹی کی بلدیاتی کونسل نے کہا کہ الجبیل میں خواتین کے لیے پہلا علیحدہ ساحل کورنیش سی فرنٹ کے شمال میں بنایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ضمن میں خواتین کے لیے پہلے علیحدہ ساحل کا ڈیزائن تیار ہوچکا ہے اور اس پر نوے روز کے اندر کام شروع کیا جائے گا۔ تیار کیا جانے والا یہ ساحل، علاقے کے سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہوگا اور بلدیاتی کونسل نے اس حوالے سے 5 سالہ منصوبہ تیار کیا ہے۔

خواتین کے لیے تیار ہونے والا پہلا علیحدہ ساحل سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے۔ اس پروجیکٹ سے جڑے ایک عہدیدار نے بتایا کہا کہ اس ساحل کا مقصد بلدیاتی کونسل کی سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیارِ زندگی بلند کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خواتین کے اس علیحدہ ساحل پر سبزہ زاروں کے علاوہ، ریسٹورنٹس، قہوہ خانے، سپر مارکیٹ اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

یہ ساحل الجبیل شہر کی آبادی سے قریب ہوگا اور الجبیل انڈسٹریل سٹی کے باشندے آسانی سے ساحل کی سیر کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ چند سالوں کے دوران خواتین کو معاشرے کے ان کئی اہم امور کا حصہ بننے کی اجازت دی جاچکی ہے جس کی پہلے انہیں اجازت نہیں تھی۔

خواتین کے لیے مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کی راہیں بھی ہموار کی گئی ہیں جبکہ انہیں کسی مرد سرپرست کے بغیر بیرون سفر کی اجازت بھی دی جاچکی ہے۔