سعودی عرب:حرمین شریفین میں کورونا ضابطے تبدیل نہیں ہوئے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
سعودی عرب:حرمین شریفین میں کورونا ضابطے تبدیل نہیں ہوئے
سعودی عرب:حرمین شریفین میں کورونا ضابطے تبدیل نہیں ہوئے

 

 

مکہ: سعودی عرب میں معاون سیکریٹری حج و عمرہ ہشام سعید نے کہا کہ ’عمرہ یا نماز یا مسجد الحرام مکہ مکرمہ یا مسجد النبوی مدینہ منورہ کی زیارت سے متعلق کورونا ایس او پیز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے‘۔

الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ہشام سعید نے کہا کہ’ عمرہ ، نماز اور مقدس مساجد میں حاضری کے اجازت نامے کی بنیادی شرط یہ ہے کہ نماز یا عمرے کےلیے آنے واالے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ’ یہ شرط اندرون مملکت کے زائرین پر بھی لاگو کی جا رہی ہے اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین سے بھی اس کی پابندی کرائی جا رہی ہے‘۔

یاد رہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس ’اومی کرون‘ کا پہلا مریض ریکارڈ پر آنے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں حفظان صحت کے سخت انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ڈاکٹر السدیس نے انتظامیہ کے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنائے رکھنے اورکورونا وائرس و اس کی نئی شکلوں کو پھیلانے سے روکنے کےلیے انتظامات کو مزید بہتر بنائیں۔ (ایجنسی)