لکھنو: سنبھل کی ڈیموگرافی میں آنے والی تبدیلیوں اور فسادات کی سازشوں پر تیار 450 صفحات پر مشتمل ایک تفصیلی رپورٹ نے بڑے انکشافات کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جب تک سنبھل میونسپلٹی میں ہندوؤں کی آبادی 40 فیصد سے زیادہ رہی، اس وقت تک فسادات، لَو جہاد اور زبردستی تبدیلیِ مذہب کے ذریعے ہندوؤں کو نشانہ بنایا گیا اور معاملے کو ہندو بمقابلہ مسلمان کے طور پر پیش کیا گیا۔ لیکن جیسے ہی ہندوؤں کی آبادی گھٹ کر 20 فیصد سے کم ہوگئی، صورتِ حال یکسر بدل گئی۔
اب ترک مسلمان خود کو سنبھل کا مالک سمجھنے لگے اور سابق ہندو (نو مسلم) پٹھانوں کو غلام اور نوکر قرار دینے لگے۔رپورٹ کے مطابق اسی پس منظر میں 22 نومبر 2024 کو سماج وادی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ ضیاءالرحمن برق نے جامع مسجد سے ایک اشتعال انگیز تقریر کی۔ انہوں نے کہا: "ہم اس ملک کے مالک ہیں، نوکر اور غلام نہیں۔" اس بیان سے ماحول کشیدہ ہوگیا۔ جب نو مسلم پٹھانوں نے اس کی مخالفت کی تو 24 نومبر کو ترک اور پٹھان آمنے سامنے آگئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق آزادی کے وقت سنبھل میونسپلٹی میں ہندوؤں کی آبادی 45 فیصد تھی، لیکن آج یہ گھٹ کر محض 15 فیصد رہ گئی ہے۔ یہ تبدیلی کسی قدرتی عمل سے نہیں بلکہ سوچی سمجھی حکمتِ عملی، مسلسل فسادات اور قتل و غارت گری کا نتیجہ ہے۔ 1936 سے 2019 تک سنبھل میں 15 بڑے فسادات ہوئے، جن میں 213 افراد مارے گئے۔
ان میں سے 209 ہندو تھے۔ 29 مارچ 1978 کو ہولی کے بعد ہونے والے قتلِ عام میں 184 ہندوؤں کو بے دردی سے مارا گیا جبکہ ایک بھی مسلمان ہلاک نہیں ہوا۔ اس کے برعکس تمام فسادات اور ہنگاموں میں کل صرف چار مسلمان مارے گئے: دو 1992 کے بابری تنازع کے دوران اور دو 2019 کی سی اے اے تحریک کے وقت۔ ڈیموگرافی کی اس تبدیلی میں ہندو مذہبی ورثہ بھی محفوظ نہ رہ سکا۔
سنبھل میں 68 تیرتھ استھل (مقدس مقامات) اور 19 پون کُوپ (مقدس کنویں) تھے، جن پر آہستہ آہستہ سیاسی تساہل اور خوشامدانہ پالیسی کے نتیجے میں قبضہ کر لیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے 30 مئی 2025 کو ان کنوؤں کی تجدیدِ نو کا سنگِ بنیاد رکھا اور اس کھوئی ہوئی وراثت کو واپس لانے کی کوشش شروع کی۔ رپورٹ کا سب سے بڑا انکشاف گینگ لیڈر شارق ساٹھا سے متعلق ہے۔
وہ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ساتھ مل کر جعلی کرنسی کا دھندہ کرتا تھا اور فسادات میں سرگرم رہتا تھا۔ فسادات کے دوران جو ہتھیار ضبط ہوئے ان میں کئی غیر ملکی تھے جن پر USA میں تیار شدہ کی مہر ثبت تھی۔ یہ واضح اشارہ ہے کہ سنبھل کے فسادات صرف مقامی سیاست تک محدود نہیں بلکہ ان کے تار بین الاقوامی نیٹ ورک سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں صاف لکھا گیا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے ایم پی ضیاءالرحمن برق، ایک ایم ایل اے کے بیٹے سہیل اقبال اور جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی نے مل کر یہ منصوبہ بنایا تھا۔ نمازیوں کو بھڑکانا، بلوائیوں کو بلانا اور غیر ملکی ہتھیاروں کا استعمال سب کچھ سوچی سمجھی حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا۔ یہ رپورٹ صرف فسادات کی کہانی نہیں بلکہ خوشامدی سیاست، ہندوؤں کو ختم کرنے کے ایجنڈے اور بدلتی ہوئی ڈیموگرافی کی دستاویز ہے۔
دہائیوں سے سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت ہندوؤں کا قتلِ عام کیا گیا، مذہبی ورثے پر قبضہ جمایا گیا اور جیسے ہی ہندوؤں کی آبادی کم ہوئی، مسلمانوں کے اندر بھی ترک اور پٹھان کے درمیان مالک بمقابلہ غلام کی کشمکش شروع ہوگئی۔ یوگی حکومت نے پہلی بار اس کھیل پر قابو پایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے سے نہ صرف اتر پردیش بلکہ پورے ملک کی سیاست میں بھونچال آنے کا امکان ہے۔