سارک کی روح زندہ ہے محمد یونس کا جنوبی ایشیائی اتحاد کو دوبارہ فعال بنانے کا مطالبہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-01-2026
سارک کی روح زندہ ہے محمد یونس کا جنوبی ایشیائی اتحاد کو دوبارہ فعال بنانے کا مطالبہ
سارک کی روح زندہ ہے محمد یونس کا جنوبی ایشیائی اتحاد کو دوبارہ فعال بنانے کا مطالبہ

 



 ڈھاکہ :محمد یونس جو بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ہیں نے جنوبی ایشیائی علاقائی تنظیم سارک کو دوبارہ فعال کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سارک کی روح زندہ ہے اور اس کی مثال سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں جنوبی ایشیائی ممالک کی بھرپور شرکت اور یکجہتی سے سامنے آئی۔ محمد یونس نے کہا کہ رکن ممالک کی جانب سے تین مرتبہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم رہنے والی اور دنیا کی دوسری مسلم خاتون سربراہ حکومت کو خراج عقیدت پیش کرنا نہایت متاثر کن تھا۔

انہوں نے کہا کہ خالدہ ضیاء کے جنازے میں جنوبی ایشیا کے اعلیٰ سطحی وفود کی موجودگی نے ثابت کر دیا کہ سارک ابھی زندہ ہے۔ انہوں نے مختلف ملاقاتوں کے دوران اس بات پر زور دیا کہ کل جنازے میں حقیقی معنوں میں سارک کی روح نظر آئی اور دکھ اور غم سب نے مل کر بانٹا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سارک کو تقریباً دو ارب عوام کے لیے ایک بامعنی پلیٹ فارم کے طور پر دوبارہ زندہ کیا جا سکتا ہے۔

محمد یونس نے یاد دلایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر بھی سارک رہنماؤں کو غیر رسمی طور پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ صرف چند منٹ کے لیے ہی سہی لیکن رابطہ اور مکالمہ ضروری ہے۔ ملاقاتوں میں بنگلہ دیش کے آئندہ قومی انتخابات بھی زیر بحث آئے اور محمد یونس نے کہا کہ بارہ فروری کو آزاد منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لیے ملک تیار ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عبوری حکومت کے تحت بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشیوں کے لیے پہلی بار پوسٹل ووٹنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت سات لاکھ کے قریب افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ جنوبی ایشیائی رہنماؤں نے خالدہ ضیاء کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور خطے میں اتحاد کے لیے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بیگم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور انہیں ڈھاکہ میں ان کے شوہر سابق صدر ضیاء الرحمن کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔