روس۔یوکرین جنگ : کیف میں دھماکوں کی گونج۔ابتک 137 ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-02-2022
روس۔یوکرین جنگ :  کیف میں دھماکوں کی گونج۔ابتک 137 ہلاک
روس۔یوکرین جنگ : کیف میں دھماکوں کی گونج۔ابتک 137 ہلاک

 

 

آواز دی وائس :یوکرین کی وزارت داخلہ کے مطابق، جمعے کی صبح جب روسی فوجی یوکرین کے دارالحکومت کے قریب پہنچے تو پورے کیف میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو دیر گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین پر مکمل حملے کے بعد 137افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ زیلنسکی نے جمعرات کو ایک حکم نامے پر دستخط کیے جس میں روسی فوجیوں کا سامنا کرنے کے لیے تمام بھرتیوں اور ریزرو کو وسیع پیمانے پر متحرک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یوکرین نے 18 سے 60 سال کی عمر کے مرد شہریوں پر ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

آج روس کی جانب سے حملوں کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں صبح سے سات بڑے دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ شہر پر یکے بعد دیگرے میزائلوں سے حملہ کیا جا رہا ہے۔ لوگ گھروں میں چھپے ہوئے ہیں۔ کھانے پینے سے لے کر دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کے باوجود لوگ گھروں سے نہیں نکل رہے ہیں۔

 اس کے ساتھ ہی لیو شہر میں ہوائی حملے کا سائرن بھی سنائی دیا ہے۔ اس کے بعد یہاں کے میئر نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

 جمعہ کی صبح یوکرین کے صدر زیلینسکی نے بھی ایک بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے ہمیں جنگ لڑنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کیف میں ہیں اور روسی فوج وہاں داخل ہوچکی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روسیوں کا پہلا ہدف وہ ہیں اور دوسرا ہدف ان کا خاندان ہے۔

یوکرین کی پوری فوج جنگ پر نکل گئی

 یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ پوری فوج کو جنگ میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے لیے یوکرین کی حکومت نے 18 سے 60 سال کی عمر کے یوکرینی مردوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے۔ بعض رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ یوکرین نے اپنے 10 ہزار شہریوں کو لڑائی کے لیے رائفلیں دی ہیں۔

اسپتال پر روسی گولے لگنے سے چار ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔  روسی فورسز نے دونیتسک کے علاقے میں اسپتال کو نشانہ بنایا، جس سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔ روس کے مقامی میڈیا کے مطابق دونیتسک کے علاقے ووہلیدار میں روسی فوجی گولے ایک اسپتال سے ٹکرائے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 10 شہری زخمی ہو گئے۔

یوکرینی فوج کا طیارہ گر کر تباہ، پانچ افراد ہلاک

یوکرین کی مسلح افواج کا ایک طیارہ دارالحکومت کیئف کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

یوکرین کی وزارت داخلہ نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ مسلح افواج کا ایک فوجی طیارہ جس میں 14 افراد سوار تھے، طیارہ اوبوچیو ضلع کے گاؤں ژوکیوتسی اور ٹریپیلیا کے درمیان گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ گرنے کے بعد آگ نے اسے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

یوکرین کی سٹیٹ سروس فار ایمرجنسی نے واقعے کی جگہ سے ایک تصویر شائع کی۔ سروس کے مطابق واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ ہنگامی حالات کی سروس نے بتایا کہ طیارے میں مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے اور تمام ہلاکتیں طیارہ گرنے کے بعد لگنے والی آگ سے ہوئیں۔ روسی حملے کے پہلے ایک گھنٹے میں کم از کم 40 ہلاکتیں ہوئیں: یوکرین

 یوکرین کے مطابق جمعرات کو روسی فوج کے حملے شروع ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر کم از کم 40 ہلاکتیں ہوئیں۔

 صدر ولودی میر زیلنسکی کے مشیر اولیکسی آرسٹیووچ نے جمعرات کو بتایا کہ کئی درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں یا نہیں۔ دوسری جانب صدر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ دشمن کو جنگ میں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

صدر زیلنسکی نے جمعرات کو اپنی شہریوں سے کہا کہ جو روسی افواج کے خلاف ملکی دفاع کے لیے لڑنا چاہتا ہے اسے ہتھیار فراہم کیے جائیں گے۔

 روس نے جمعرات کو زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے یوکرین پر ہمہ گیر حملہ کیا جو دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں ایک ریاست کا دوسری ریاست کے خلاف سب سے بڑا حملہ ہے۔

صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین نے حملے کے بعد روس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔

یوکرین کا ساتواں روسی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

 یوکرین کی فوج نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں ساتویں روسی فوجی طیارے کو مار گرانے کا دعوی کیا ہے

’مشترکہ افواج نے ابھی ابھی لوہانسک کے علاقے میں روسی فضائیہ کا ایک اور طیارہ مار گرایا ہے۔ یہ قابضین کا ساتواں طیارہ ہے جسے یوکرین کے فضائی دفاعی یونٹس نے آج مار گرایا۔ حملہ آوروں کو مسلسل نقصانات اٹھانا پڑ رہے ہیں۔‘ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے ابھی تصدیق نہیں ہوئی۔

ترکی روسی جنگی جہازوں کے راستے بند کر دے: یوکرین کی اپیل

 یوکرین نے ترکی سے باضابطہ اپیل کی ہے کہ وہ آبنائے باسفورس اور دارڈینیلس کو روسی جنگی جہازوں کے لیے بند کر دے۔

 یوکرین کے سفیر واسیل بوڈنار نے انقرہ سے جاری ایک بیان میں کہا: ’اب سب سے اہم چیز یوکرین کی حمایت کرنا ہے۔ میں ترک عوام اور حکام سے یوکرین کی مدد کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

ہم فضائی حدود کو بند کرنے، روسی جنگی جہازوں کے لیے باسفورس اور دارڈینیلس کے راستے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ایک سرکاری درخواست کی گئی ہے۔‘