کیف :یوکرین کے دارالحکومت کیف پر 27 کی رات بڑے پیمانے پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا جس کے دوران شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں متعدد دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کی مجوزہ ملاقات سے ایک دن قبل ہوا جب جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
کیف انڈیپنڈنٹ کے مطابق روس نے دارالحکومت پر بڑے پیمانے پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا جس میں کنژال ہائپرسونک میزائل۔ اسکندر بیلسٹک میزائل اور کالیبر کروز میزائل استعمال کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق کیف اور اس کے گرد و نواح میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
کیف سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع قصبے برووری میں ان حملوں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جس سے قصبہ اور قریبی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
کیف کے میئر ویتالی کلیچکو نے ٹیلیگرام پر پیغام جاری کرتے ہوئے حملے کی تصدیق کی اور شہریوں کو پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں دھماکے ہو رہے ہیں۔ فضائی دفاعی نظام متحرک ہے۔ محفوظ مقامات پر رہیں۔
یوکرین کی فضائیہ نے بھی ہنگامی انتباہات جاری کیے اور کیف اور قریبی علاقوں میں بغیر پائلٹ طیاروں کی موجودگی سے خبردار کیا۔ فضائیہ کے مطابق کیف شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ڈرونز کی نشاندہی کی گئی جن میں ویلیکا ڈائمرکا اور پیریاسلاو کے مغرب کے علاقے شامل ہیں۔ چرنیہیف کے جنوبی حصوں میں بھی ڈرون سرگرمیوں کی اطلاع دی گئی جو کیف کے صوبے کی جانب بڑھ رہے تھے۔
فضائیہ نے ایک انتباہ میں کہا کہ کیف فوری پناہ لیں۔ شہر کے اوپر حملہ آور ڈرون موجود ہے۔
یوکرین کے دارالحکومت پر یہ حملہ اس اعلان کے ایک دن بعد ہوا جب صدر زیلنسکی نے تصدیق کی کہ وہ اتوار کو فلوریڈا میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے جو امن مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ زیلنسکی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ ملاقات تصفیے کی جانب پیش رفت میں مدد دے سکتی ہے تاہم فوری طور پر کسی حتمی معاہدے کی توقع نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق زیادہ سے زیادہ زیر التوا معاملات حل کرنے پر توجہ دیں گے۔
زیلنسکی نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور یوکرین کی جانب سے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبہ 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور ٹرمپ کے ساتھ بات چیت میں طویل المدتی سلامتی کی ضمانتوں اور جنگ کے بعد استحکام میں اتحادیوں کے کردار پر توجہ دی جائے گی۔
دوسری جانب ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یوکرین اور روس کے درمیان کسی بھی امن معاہدے کے لیے ان کی منظوری ضروری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میں منظوری نہ دوں اس وقت تک کچھ بھی طے نہیں ہے۔
ادھر روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی افواج جنوبی یوکرین میں محاذوں پر پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور یوکرینی علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ وزارت کے مطابق یہ کارروائیاں روس کے اندر شہری اہداف پر یوکرینی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ووستوک گروپ کی یونٹس نے یوکرینی دفاعی پوزیشنوں میں مزید پیش رفت کی اور فیصلہ کن کارروائی کے بعد زاپوریزہیا کے علاقے میں واقع کوسوفتسیوو نامی بستی پر قبضہ کر لیا۔
وزارت دفاع نے مزید کہا کہ 20 December سے 26 December کے درمیان روسی افواج نے یوکرین میں ایک بڑا اور پانچ گروہی حملے کیے جن میں کنژال ہائپرسونک میزائل بھی استعمال کیے گئے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ حملے روسی فیڈریشن میں شہری تنصیبات پر یوکرینی دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں کیے گئے۔ وزارت کے مطابق ان حملوں میں یوکرین کی دفاعی صنعت سے منسلک اداروں۔ توانائی کی تنصیبات۔ ٹرانسپورٹ نظام۔ ہوائی اڈے۔ بندرگاہیں۔ گودام۔ ڈرون تیاری کے مراکز۔ ایندھن اور فوجی سازوسامان کے ذخائر۔ یوکرینی مسلح افواج اور غیر ملکی کرائے کے جنگجوؤں کی عارضی قیام گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔