روس، ہندوستان کا اسٹریٹجک شراکت دار بنا ہوا ہے: راجناتھ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2025
روس، ہندوستان کا اسٹریٹجک شراکت دار بنا ہوا ہے: راجناتھ
روس، ہندوستان کا اسٹریٹجک شراکت دار بنا ہوا ہے: راجناتھ

 



نئی دہلی [ہندوستان]: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ حالیہ جیو پولیٹیکل حالات کے باوجود روس، ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں ہندوستان کا اسٹریٹجک شراکت دار بنا ہوا ہے۔ منی کشو سینٹر میں منعقدہ 22ویں ہند-روس بین الحکومتی کمیشن برائے فوجی و فوجی تکنیکی تعاون (IRIGC-M&MTC) کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی ملاقات دونوں ممالک کے درمیان ’’خصوصی اور مراعات یافتہ‘‘ شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گی۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا: "روس ٹیکنالوجی اور دفاع میں ہندوستان کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ ہماری شراکت داری جیو پولیٹیکل تبدیلیوں کے باوجود برقرار رہی ہے۔ ہمارے وزیر اعظم اور صدر پوتن اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ جون 2025 میں چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں نے تفصیلی گفتگو کی۔"

انہوں نے مزید کہا: "ہم روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پوتن کے 23ویں ہند-روس سالانہ اجلاس کے لیے ہندوستان کے دورے کے منتظر تھے، جو آج مکمل ہو گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سربراہ اجلاس ہمارے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ شراکت داری کو مزید تقویت دے گا۔"

راج ناتھ سنگھ نے ماسکو میں گزشتہ ماہ منعقد ہونے والی ہند-روس ورکنگ گروپ برائے تجارت و اقتصادی تعاون کے 26ویں اجلاس کی کامیابی کا خیر مقدم کیا اور روس کی قیادت والے یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کے لیے بات چیت کے آغاز کو سراہا۔

انہوں نے کہا: "ہم ماسکو میں گزشتہ ماہ ہند-روس ورکنگ گروپ برائے تجارت و اقتصادی تعاون کے 26ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد اور روس کی سربراہی والی یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔" 22ویں IRIGC-M&MTC اجلاس میں دفاعی شراکت داری کے تمام پہلوؤں پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے، جن میں بڑے معاہدات کی پیش رفت، لائسنس یافتہ پیداوار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل تھیں۔

اس سے پہلے دن میں، راج ناتھ سنگھ اور روسی وزیر دفاع اندریئی بیلوسوف نے نیشنل وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پوٹن کی شام کے وقت آمد سے قبل، بیلوسوف نے راج ناتھ سنگھ کے ساتھ 22ویں وزارتی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

روسی وزیر دفاع نے راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں Tri-Service Guard of Honour کا معائنہ بھی کیا۔ وزارت دفاع کے مطابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے جمعرات کو نئی دہلی کے پالم ایئر فورس اسٹیشن پر روسی وزیر دفاع اندریئی بیلوسوف کا استقبال کیا۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بیلوسوف کی آمد روسی صدر ولادیمیر پوتن کے دو روزہ سرکاری دورے کے لیے نئی دہلی پہنچنے سے چند گھنٹے قبل ہوئی۔

پوٹن کا یہ دورہ 2021 کے بعد پہلا ہندوستانی دورہ ہے، اور یوکرین تنازعہ شروع ہونے (2022) کے بعد ان کا پہلا دورہ بھی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی آخری بالمشافہ ملاقات 1 ستمبر 2025 کو چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔