رو کھنہ کا ٹرمپ اور فاکس نیوز کے حملوں پر ردعمل

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-05-2026
رو کھنہ کا ٹرمپ اور فاکس نیوز کے حملوں پر ردعمل
رو کھنہ کا ٹرمپ اور فاکس نیوز کے حملوں پر ردعمل

 



واشنگٹن
ڈیموکریٹک کانگریس رکن رو کھنہ نے اتوار کو قدامت پسند ناظرین تک اپنی رسائی بڑھانے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ یہ اُس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر کئی پوسٹس کرتے ہوئے کھنہ اور ’’فاکس نیوز‘‘ دونوں پر حملہ کیا۔ ٹرمپ نے اس نیٹ ورک پر الزام لگایا کہ وہ ڈیموکریٹس کو پلیٹ فارم دے کر ’’میگا‘‘ تحریک کو کمزور کر رہا ہے۔ کانگریس رکن کھنہ اتوار کو ’’فاکس نیوز‘‘ کے پروگرام ’’دی سنڈے بریفنگ‘‘ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے ایک ایسے اقتصادی منصوبے پر گفتگو کی جس کا بنیادی مقصد امریکی صنعت کاری کے شعبے کو دوبارہ مضبوط کرنا ہے۔ اس میں اُن صنعتی برادریوں میں فولاد، جہاز سازی اور بیٹری کارخانے قائم کرنا شامل ہے جو اس وقت مشکلات سے گزر رہی ہیں۔ ٹرمپ کی تنقید کے جواب میں کھنہ نے اپنی ذرائع ابلاغ حکمتِ عملی کو ڈیموکریٹک پارٹی کی بحالی اور قومی اتحاد کے لیے ضروری قرار دیا۔
ایکس  پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ آج ٹرمپ کی جانب سے مجھ پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدامت پسند ذرائع ابلاغ میں شامل ہونے کا ان کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا، یہ محض اتفاق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، ’’اسی لیے میں فاکس پر جاتا ہوں۔‘‘ انہوں نے دلیل دی کہ ڈیموکریٹس کو صنعت کاری پر مبنی اقتصادی پیغام کے ذریعے مزدور طبقے کی برادریوں سے دوبارہ جڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں ایسے اقتصادی منصوبے کی بات کرتا ہوں جس کے تحت ان برادریوں میں فولاد، جہاز سازی اور بیٹری کارخانے قائم کیے جائیں جو اب کمزور پڑ چکی ہیں۔
کھنہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹرمپ کے حامیوں کے ساتھ دشمنی کے بجائے ان سے براہِ راست رابطہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں ہر ایک سے بات کرتا ہوں، جن میں ٹرمپ کے ووٹر بھی شامل ہیں؛ میں کسی کی توہین نہیں کرتا۔  انہوں نے اس طرزِ عمل کو انتخابی کامیابی اور سیاسی ہم آہنگی کا راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرح ڈیموکریٹس کامیاب ہوں گے اور ملک کو متحد کریں گے۔
اتوار کو ٹرمپ نے ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر ایک طویل پوسٹ میں ’’فاکس نیوز‘‘ پر الزام لگایا کہ وہ ڈیموکریٹک رہنماؤں کو ’’جھوٹ‘‘ پھیلانے کی اجازت دے رہا ہے اور اینکروں کی جانب سے کوئی مضبوط ’’تردید‘‘ پیش نہیں کی جا رہی۔ اس دوران انہوں نے خاص طور پر ’’دی سنڈے بریفنگ‘‘ کی شریک میزبان جیکی ہینرک کو نشانہ بنایا۔اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ آ پ پورا دن فاکس نیوز سن سکتے ہیں، اسے مکمل طور پر اپنا سکتے ہیں، لیکن پھر جب آپ کانگریس رکن رو کھنہ جیسے گھٹیا لوگوں کو — جو بھیڑ کی کھال میں بھیڑیے ہیں — جھوٹ پر جھوٹ بولتے سنتے ہیں، اور میزبان کی طرف سے کوئی روک ٹوک یا مؤثر جواب نہیں دیا جاتا، تو فاکس پر پورے دن چلنے والی عام فہم والی ساری گفتگو بے معنی ہو جاتی ہے!۔
ٹرمپ نے سوال اٹھایا کہ فاکس اپنے پروگراموں میں ڈیموکریٹک آوازوں کو مسلسل کیوں بلاتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاکس ایسے گھٹیا لوگوں کو، یا دوسروں کو، جیسے کم مقبولیت والے بل مائر کو کیوں دکھاتا ہے؟ مائر کو اپنی ساکھ صرف اس لیے ملتی ہے کیونکہ وہ مسلسل خود کو لبرل دانش کا ذریعہ ظاہر کرتا رہتا ہے۔ یا پھر نہایت کم ذہانت والے حکیم جیفریز کو، جو سپریم کورٹ کو غیر قانونی سمجھتے ہیں اور شاید ہمارے ملک سے نفرت کرتے ہیں۔
صدر نے مزید الزام لگایا کہ اپنی قدامت پسند شناخت کے باوجود فاکس، ریپبلکن جماعت کے انتخابی امکانات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاکس پر دن بھر کی خبریں چاہے کتنی ہی منصفانہ اور متوازن کیوں نہ ہوں، ان کا اثر پیشہ ور جھوٹوں، دھوکے بازوں اور لبرل، بے ایمان سیاست دانوں کی وجہ سے خراب ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میگا ریپبلکن   جو دراصل پارٹی کا تقریباً سو فیصد حصہ ہیں — فاکس سے نفرت کرتے ہیں، حالانکہ اس کے کئی بہترین میزبانوں اور مبصرین نے شاندار کام کیا ہے۔ اس طرح انتخابات جیتنا بہت مشکل ہو جاتا ہے!۔
اتوار کو ایک اور پوسٹ میں ٹرمپ نے اپنے حملے کا دائرہ بڑھاتے ہوئے عمومی طور پر ڈیموکریٹس کے بارے میں خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند بائیں بازو کے ڈیموکریٹس کو ضرور شکست ہونی چاہیے — ہمارے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے!۔’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر کی گئی ایک اور سابقہ پوسٹ میں ٹرمپ نے کھنہ پر ذاتی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فاکس نیوز پر اُس وقت تک نہیں آنا چاہیے جب تک وہاں کوئی ایسا میزبان موجود نہ ہو جو ’’ان کے جھوٹ کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا جیسی ناکام ریاست سے تعلق رکھنے والے اس گھٹیا، انتہا پسند بائیں بازو کے کانگریس رکن رو کھنہ کو فاکس نیوز پر اُس وقت تک نہیں آنے دینا چاہیے جب تک آپ کے پاس کوئی ایسا میزبان نہ ہو جو اُس کے ہر جھوٹ کا ایک ایک کر کے جواب دے سکے اور اُس کے جھوٹے اور بکواس بیانیے کو ختم کر سکے۔ وہ حکیم جیفریز جیسا ہی ہے، بلکہ اُس سے بھی بدتر، بس اُس کی ذہانت تھوڑی زیادہ ہے۔
ٹرمپ نے کھنہ اور ڈیموکریٹس پر امریکی فولاد صنعت کی بحالی کا جھوٹا سہرا لینے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح اُس نے ڈیموکریٹس کی جانب سے امریکہ میں واپس آ رہی فولاد صنعت کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی، جبکہ وہ اچھی طرح جانتا ہے کہ ان بے وقوفوں نے تو اس صنعت کو تقریباً تباہ ہی کر دیا تھا، اور میں نے مضبوط محصولات لگا کر اسے بچایا تھا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اُن کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد امریکہ کی معیشت پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی انتظامیہ کے دوران ہمارا ملک تقریباً تباہ ہو چکا تھا، اور اب یہ پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔