واشنگٹن ڈی سی [امریکہ]، 20 ستمبر (اے این آئی): ہزاروں بھارتی پیشہ ور افراد کیلئے بڑی راحت کی خبر آئی ہے۔ ایک سینئر امریکی انتظامی اہلکار نے جمعہ کو واضح کیا کہ نیا ایک لاکھ امریکی ڈالر سالانہ فیس کا قانون صرف نئی H-1B ویزا درخواستوں پر لاگو ہوگا، موجودہ ویزا ہولڈرز یا ان کی تجدید پر نہیں۔
اہلکار نے کہا:“جو لوگ ملک سے باہر جا رہے ہیں یا بھارت کا سفر کر رہے ہیں، انہیں اتوار سے پہلے واپس آنے کی جلدی کرنے یا ایک لاکھ ڈالر فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ فیس صرف نئے درخواست گزاروں کیلئے ہے، موجودہ ویزا ہولڈرز پر نہیں۔”
چونکہ تقریباً 71 تا 72 فیصد H-1B ویزے بھارتی شہریوں کو جاری کیے جاتے ہیں، اس اعلان سے بھارتی آئی ٹی ماہرین اور ان کی ترسیلات زر پر پڑنے والے اثرات کو لے کر بڑھتی ہوئی تشویش میں کمی آئی ہے۔
ادھر حکومتِ ہند نے تمام مشنز اور سفارت خانوں کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں امریکہ واپس جانے والے بھارتی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔
ہفتے کو وزارتِ خارجہ (MEA) نے کہا کہ امریکی فیصلے کے مکمل اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس اقدام کے انسانی پہلو بھی ہوسکتے ہیں، بالخصوص ان خاندانوں کیلئے جن کی زندگی متاثر ہوگی۔
وزارت نے زور دیا کہ ماہرانہ صلاحیتوں کی آزادانہ نقل و حرکت ہمیشہ سے جدت، اقتصادی ترقی اور دولت کی تخلیق میں کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے، چاہے وہ امریکہ ہو یا بھارت۔
“بھارت اور امریکہ دونوں کی صنعتیں اختراع اور تخلیقی عمل میں شراکت رکھتی ہیں، اور یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ آئندہ بہترین راستہ نکالنے کیلئے مشاورت ہوگی،” وزارت خارجہ نے مزید کہا۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ دونوں حکومتوں کو اس نئے امریکی ویزا فیصلے پر غور کرتے ہوئے باہمی فوائد اور عوامی روابط کو ضرور پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔