راج ناتھ سنگھ نے اطالوی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-04-2026
راج ناتھ سنگھ نے اطالوی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی
راج ناتھ سنگھ نے اطالوی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی

 



نئی دہلی
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو اپنے اطالوی ہم منصب گویڈو کروسیٹو سے ملاقات کی اور دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔
اپنی ملاقات کے بارے میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے آج دہلی میں اپنے اطالوی ہم منصب مسٹر گویڈو کروسیٹو کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ ہم نے علاقائی اور عالمی امور کے ایک وسیع دائرے پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال بھی شامل ہے۔ ہم نے ہندوستان کے ‘آتم نربھر بھارت’ پروگرام اور اٹلی کے دفاعی تعاون اقدام کے تحت باہمی فائدہ مند دفاعی صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی بات کی۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی روابط کے حوالے سے 2026-27 کے لیے ایک دوطرفہ فوجی تعاون منصوبہ کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
اس سے قبل اطالوی وزیرِ دفاع گویڈو کروسیٹو نے نیشنل وار میموریل پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔اطالوی وزیرِ دفاع کا یہ پہلا دورہ ہندوستان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں اور خاص طور پر صنعتی شراکت داری کے شعبے میں نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔ جنوری 2026 میں ہندوستان-یورپی یونین دفاعی و اسٹریٹجک شراکت داری پر دستخط، بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک ہم آہنگی کا اشارہ دیتے ہیں اور اس سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دفاعی صنعتی تعاون کو مزید تقویت ملی ہے۔
ہندوستان اور اٹلی کے درمیان دفاعی تعلقات اب مکالمہ، افواج کے درمیان رابطے، تربیت، دفاعی سازوسامان کی برآمد، معلومات کا تبادلہ، بندرگاہی دورے، بحری مشقیں اور سمندری سلامتی جیسے شعبوں تک پھیل چکے ہیں۔ 2023 میں وزیرِ دفاع کے اٹلی دورے کے دوران بھی دفاعی تعاون سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا تھا۔
اسی سال کے آغاز میں، ہندوستان اور یورپی یونین نے ایک تاریخی سیکیورٹی اور دفاعی شراکت داری پر دستخط کیے، جو دونوں فریقوں کے درمیان پہلا جامع دفاعی اور سیکیورٹی فریم ورک ہے۔ اس کے تحت دونوں بلاکس کے رہنماؤں نے اسٹریٹجک، علاقائی اور عالمی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لیین کی موجودگی میں منعقدہ 16ویں ہندوستان-یورپی یونین سربراہی اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے سیکیورٹی اور دفاعی شراکت داری (SDP) کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سمندری سلامتی، دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی، سائبر اور ہائبرڈ خطرات، خلا، انسدادِ دہشت گردی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرے گا۔