کواڈ فیول سیکورٹی فورم کے منصوبے کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-05-2026
کواڈ فیول سیکورٹی فورم کے منصوبے کا اعلان
کواڈ فیول سیکورٹی فورم کے منصوبے کا اعلان

 



نئی دہلی: بھارت، آسٹریلیا، جاپان اور امریکہ نے منگل کے روز ہند۔بحرالکاہل خطے میں توانائی کی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ’’کواڈ فیول سیکورٹی فورم‘‘ منعقد کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا، جس کا مقصد اس شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ اعلان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ’’ہند۔بحرالکاہل توانائی سلامتی‘‘ سے متعلق کواڈ اعلامیے میں کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق چاروں ممالک ’’کواڈ انیشی ایٹو آن انڈو پیسیفک انرجی سیکورٹی‘‘ کے تحت ٹیکنالوجی، پالیسی تال میل، توانائی کے انتظام، بین الاقوامی منڈیوں کے تجزیے اور ہنگامی ردعمل کی مشقوں جیسے شعبوں میں ایک منظم تعاون کے منصوبے کے ذریعے مل کر کام کریں گے۔

اس اقدام کے تحت کواڈ ممالک ’’کواڈ فیول سیکورٹی فورم‘‘ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اعلیٰ سطحی بات چیت کو فروغ دیا جا سکے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دی جا سکے، ساتھ ہی ہر ملک کی توانائی سے متعلق صلاحیتوں اور وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے، جن میں اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر کو مضبوط بنانے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا، ’’ہم عالمی منڈیوں میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اثرات کو تسلیم کرتے ہیں، خاص طور پر تیل، گیس، پیٹروکیمیکل مصنوعات، ضروری اشیا اور کھاد جیسی اہم مصنوعات پر، جن کا سب سے زیادہ اثر ہند۔بحرالکاہل خطے پر پڑتا ہے۔‘‘

کواڈ ممالک نے کہا کہ ان کے رہنماؤں نے توانائی کے نظام کو زیادہ مضبوط بنانے اور توانائی کی مستحکم اور شفاف منڈیوں کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی عزم ظاہر کیا ہے۔ اس گروپ نے محفوظ اور بلا رکاوٹ تجارتی بہاؤ، اہم بحری راستوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ، اور بحری آمدورفت کی آزادی کو عالمی اقتصادی استحکام اور توانائی سلامتی کے بنیادی ستون قرار دیا۔

اعلامیے میں خاص طور پر آبنائے ہرمز سمیت اہم آبی راستوں کے ذریعے عالمی تجارت کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، اور ایسی کسی بھی پابندی یا اقدام کی مخالفت کی گئی جو تجارتی جہاز رانی میں خلل ڈال سکتا ہو۔ کواڈ ممالک نے خطے میں توانائی کے استحکام کے لیے مختلف علاقائی اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں جاپان کی ’’پاور ایشیا‘‘ شراکت داری، جنوبی ایشیا میں بھارت کے توانائی سے متعلق امدادی اقدامات، اور آسٹریلیا کی جانب سے جنوب مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک کے لیے معاونت شامل ہے۔

اس میں دو ارب امریکی ڈالر کی ’’ساؤتھ ایسٹ ایشیا انویسٹمنٹ فنانسنگ فیسلٹی‘‘، آسٹریلین ڈیولپمنٹ انویسٹمنٹس اور آسیان پاور گرڈ کی حمایت جیسے اقدامات شامل ہیں۔ فجی سمیت بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک کو آسٹریلیا کی مالی معاونت، جس میں فجی کو 30 ملین آسٹریلوی ڈالر کی بجٹ امداد بھی شامل ہے، کا بھی ذکر کیا گیا۔ چاروں ممالک نے توانائی کی پوری قدراتی زنجیر میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات کو تسلیم کیا کہ چھوٹے جزیرہ نما ترقی پذیر ممالک کو قابل اعتماد توانائی فراہمی یقینی بنانے میں خاص چیلنجز کا سامنا ہے۔