پاک اور افغان فوری جنگ بندی پر متفق۔ قطر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2025
 پاک اور افغان فوری جنگ بندی پر متفق۔ قطر
پاک اور افغان فوری جنگ بندی پر متفق۔ قطر

 



دوحہ :قطر 19 اکتوبر۔ قطر نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ پاکستان اور افغانستان نے شدید سرحدی جھڑپوں کے بعد "فوری جنگ بندی" پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے اس کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے فالو اپ مذاکرات کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔یہ اعلان قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا۔ یہ قدم قطر اور ترکی کے درمیان دوحہ میں ہونے والے ثالثی مذاکرات کے بعد ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔قطر کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں فریقین نے آنے والے دنوں میں فالو اپ اجلاس منعقد کرنے کا عزم کیا ہے تاکہ جنگ بندی کے نفاذ اور پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان طویل مدتی امن و استحکام قائم کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ "اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کا دور ہوا، جس میں ریاست قطر اور جمہوریہ ترکی نے ثالثی کی۔ مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مستقل امن و استحکام قائم کرنے کے لیے میکانزم بنانے پر رضا مندی ظاہر کی۔مزید کہا گیا کہ "دونوں فریقین نے آنے والے دنوں میں فالو اپ اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ جنگ بندی کی پائیداری اور اس کے نفاذ کی تصدیق یقینی بنائی جا سکے، جس سے دونوں ممالک میں سلامتی اور استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

قطر کی وزارت خارجہ نے اس پیش رفت پر امید ظاہر کی کہ یہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مضبوط بنیاد قائم کرے گی۔یہ ملاقات اس کے بعد ہوئی جب جمعہ کو پاکستان کی طرف سے افغانستان کے جنوب مشرقی پکتیکا صوبے میں جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی، جس میں 17 افراد ہلاک ہوئے جن میں تین افغان کرکٹرز بھی شامل ہیں۔تولو نیوز کے مطابق فضائی حملوں میں ارگون اور برمل اضلاع کے رہائشی علاقے متاثر ہوئے، جس سے شہریوں کو شدید جانی نقصان پہنچا۔