غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق ہو گیا - قطر, تعمیر نو کا ہوگا اغاز ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-10-2025
غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق ہو گیا - قطر ،تعمیر نو کا ہوگا اغاز ٹرمپ
غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق ہو گیا - قطر ،تعمیر نو کا ہوگا اغاز ٹرمپ

 



 دوحہ [قطر]: قطر کے وزیرِ اعظم اور وزارتِ خارجہ کے سرکاری ترجمان ماجد الانصاری نے جمعرات کو کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے سے متعلق تمام شرائط اور اس کے نفاذ کے طریقۂ کار پر اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔الانصاری نے بتایا کہ اس معاہدے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے لکھا:
"ثالثین یہ اعلان کرتے ہیں کہ آج رات غزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے سے متعلق تمام دفعات اور عمل درآمد کے طریقہ کار پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی فراہمی ممکن ہوگی۔ تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔"

غزہ کی ہوگی نئی تعمیر

 ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ “پہلے مرحلے کے امن معاہدے کے بعد دوبارہ تعمیر کیا جائے گا-فاکس نیوز کے پروگرام شیان ہینیٹی سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ امن معاہدے کے پہلے مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد، "لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کریں گے اور غزہ دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایک "مختلف دنیا" ہوگی اور "غزہ میں دولت خرچ کی جائے گی۔ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ غزہ بہت محفوظ جگہ بنے گا، اور یہ ایک ایسا مقام ہوگا جس کی دوبارہ تعمیر دیگر ممالک بھی کریں گے کیونکہ ان کے پاس بڑی دولت ہے اور وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ یہ عمل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ میں پر اعتماد ہوں کہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوگا۔"

 نیتن یاہو نے کہا 

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی اس معاہدے کو "اسرائیل کے لیے ایک عظیم دن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ "کل [جمعرات] حکومت کا اجلاس طلب کریں گے تاکہ معاہدے کی منظوری دی جا سکے اور ہمارے تمام قیمتی یرغمالیوں کو وطن واپس لایا جا سکے۔"نیتن یاہو نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ قوم اُن خاندانوں کے ساتھ متحد ہے جن کے عزیز غزہ میں قید ہیں۔ انہوں نے تورات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا:

"اور وہ دشمن کی سرزمین سے لوٹ آئے... اور اُن کے بیٹے اپنی سرحدوں پر واپس آگئے۔"

انہوں نے اسرائیلی فوج، سیکیورٹی فورسز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے "ہمارے یرغمالیوں کی آزادی کے اس مقدس مشن کے لیے اپنی بھرپور وابستگی ظاہر کی۔"نیتن یاہو نے مزید کہا: "خدا کی مدد سے ہم اپنے تمام اہداف حاصل کرتے رہیں گے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن کو وسعت دیں گے۔"دوسری جانب، حماس نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد اپنا پہلا عوامی ردِعمل دیا ہے کہ "فلسطینی گروپ اور اسرائیل نے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں۔"

حماس کا بیان

الجزیرہ کے مطابق، حماس نے ٹیلیگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ "ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت غزہ پر جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی افواج کا انخلا، انسانی امداد کی فراہمی، اور قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔"بیان میں امریکی صدر، عرب ثالثوں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ "قابض حکومت (اسرائیل) کو معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد کا پابند بنائیں اور اسے کسی تاخیر یا گریز کی اجازت نہ دیں۔"بیان کے اختتام پر حماس نے کہا کہ وہ "اپنے عہد پر قائم رہے گی اور اپنے عوام کے قومی حقوق — آزادی، خودمختاری اور خود ارادیت — سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی۔"

ٹرمپ کا اعلان

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے "امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشیل پر ٹرمپ نے لکھا،اس کا مطلب ہے کہ تمام یرغمالیوں کو بہت جلد رہا کر دیا جائے گا، اور اسرائیلی فوج متعین کردہ لائن تک واپس چلی جائے گی۔ یہ مضبوط، پائیدار اور دیرپا امن کی طرف پہلا قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام فریقوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے گا! یہ عرب و مسلم دنیا، اسرائیل، تمام پڑوسی ممالک اور امریکہ کے لیے ایک عظیم دن ہے۔ ہم قطر، مصر اور ترکی کے ثالثوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ مل کر اس تاریخی اور بے مثال واقعے کو ممکن بنایا۔ مبارک ہوں وہ جو امن کے لیے کام کرتے ہیں!وائٹ ہاؤس کے مطابق، ٹرمپ جمعہ کی صبح واشنگٹن ڈی سی کے والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر میں سالانہ طبی معائنہ کروائیں گے۔ الجزیرہ کے مطابق، وہ اس کے بعد مشرقِ وسطیٰ کا دورہ بھی کر سکتے ہیں، جہاں مذاکرات کار حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے غزہ چیف خلیل الحیہ اس وقت مصر کی انٹیلی جنس کے سربراہ سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ "تاریخی" غزہ معاہدے کو آخری شکل دی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ جمعرات کو باضابطہ طور پر اعلان کیا جا سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کو خط

دوسری جانب فلسطین نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک خط میں اسرائیل پر "نسل کشی کی جنگ" چھیڑنے کا الزام لگایا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ "جب دنیا خون خرابہ روکنے کی کوشش کر رہی ہے، اسرائیل بطور قابض طاقت غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اپنی نسل کشی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔"

فلسطینی بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل "اجتماعی سزا" کی مجرمانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور وہ فلسطینی معاشرے کو تباہ کر کے زمین پر قبضے اور الحاق کے منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے۔خط میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد "دو لاکھ سینتیس ہزار سے زیادہ" ہو چکی ہے، اور زیادہ تر مکانات اور شہری ڈھانچے تباہ ہو چکے ہیں۔ مزید کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ "مکمل حملہ فلسطینی وجود کو مٹانے" کی کوشش ہے، جو مغربی کنارے میں بھی دہرائی جا سکتی ہے۔آخر میں خط میں کہا گیا کہ زندگی اور بین الاقوامی قانون کی یہ پامالی روکی جانی چاہیے۔ اس الم ناک دوسری برسی پر ہم ایک بار پھر کہتے ہیں: یہ نسل کشی بند ہونی چاہیے۔