قطر کی ایران سے کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوشش

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2026
قطر کی ایران سے کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوشش
قطر کی ایران سے کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوشش

 



دوحہ: مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی نئی کوشش کے تحت قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ قطری حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں اور خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران لبنان سمیت خطے کی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ایسے سفارتی راستوں پر غور کیا گیا جن کے ذریعے کشیدگی کم کی جا سکے اور مزید تصادم کو روکا جا سکے۔ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اس موقع پر تنازع کو محدود کرنے اور ایک وسیع تر معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کے لیے قطر کی حمایت کا اعادہ کیا، جس سے علاقائی سلامتی کو تقویت مل سکے اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو۔ دوسری جانب خطے میں کشیدگی مزید بڑھتی دکھائی دی۔

یمن کی مسلح افواج نے مقبوضہ یافا میں ایک حساس اسرائیلی مقام پر نئے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے کہا کہ یہ کارروائی مغربی ایشیا میں جاری وسیع تر محاذ آرائی کے تناظر میں انجام دی گئی۔ ادھر ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے اعلان کیا کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اسرائیلی فضائیہ کی اہم تنصیبات کے خلاف فوجی کارروائیوں کا ایک نیا مرحلہ شروع کیا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی مہر کے مطابق ’’آپریشن نصر‘‘ کے نام سے ہونے والی اس کارروائی میں نیواتیم اور تل نوف فضائی اڈوں کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جو اسرائیل کی دفاعی صلاحیتوں میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔ آئی آر جی سی نے کہا کہ یہ کارروائی ایران کے تین مختلف مقامات پر واقع ریڈار تنصیبات پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی گئی۔

اپنے بیان میں اس نے کہا کہ اس کی ایرو اسپیس یونٹوں نے ’’اللہ تعالیٰ پر بھروسا کرتے ہوئے‘‘ اسرائیلی اڈوں کے اہم حصوں کو نشانہ بنایا۔ یہ حملے اسرائیل کی جانب سے ایرانی بنیادی ڈھانچے پر کارروائیوں کے بعد سامنے آئے۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ اس نے جنوب مغربی ایران کے شہر ماہشہر میں واقع ایک پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر فضائی حملے کیے ہیں، جو ایران کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم علاقہ سمجھا جاتا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ کمپلیکس کے اندر متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور نقصان کے جائزے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ کشیدگی اسرائیلی سرزمین تک بھی پھیل گئی، جہاں ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ اسرائیلی فضائیہ کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے بعد دفاعی نظام فعال کر دیا گیا۔

اسرائیل کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کیں۔ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ دھماکوں کی آوازوں کے دوران ایک بنکر میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ آوازیں کامیاب دفاعی کارروائیوں کی ہیں۔

تازہ جھڑپیں اس جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سامنے آئی ہیں جو پہلے قائم کی گئی تھی۔ اسرائیل کی جانب سے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملوں کے بعد ایران نے اسرائیل پر میزائل داغے تھے، حالانکہ واشنگٹن مزید کشیدگی سے گریز کی اپیل کر رہا تھا۔ ان واقعات کے بعد آئی آر جی سی نے خبردار کیا کہ اگر مزید جوابی کارروائی کی گئی تو تنازع پورے خطے میں امریکی اور اسرائیلی مفادات تک پھیل سکتا ہے۔

بیان میں لبنان، ایران کے ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز کے قریب ممکنہ اہداف کا بھی ذکر کیا گیا۔ اس انتباہ کے بعد عراقی مسلح گروہ کتائب حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اگر امریکہ براہِ راست مداخلت کرتا ہے تو عراق اور خطے میں موجود امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ 28 فروری سے جاری اس تنازع میں حالیہ تشدد نے امن کی سفارتی کوششوں پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

یہ صورتحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران کے ساتھ ایک جامع جوہری معاہدہ کرانے کی کوششوں کے لیے بھی چیلنج بن گئی ہے۔ ٹرمپ نے عوامی سطح پر ایران اور اسرائیل دونوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے اور مذاکرات کو جاری رکھنے کی کوشش کی ہے۔ مختلف میڈیا انٹرویوز میں انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ فوجی کارروائیوں نے ان سفارتی پیش رفتوں کو متاثر کیا جو ان کے بقول مثبت سمت میں جا رہی تھیں۔

فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ حالیہ کشیدگی سے قبل معاہدہ قریب نظر آ رہا تھا۔ انہوں نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا: ’’آپ اپنے میزائل داغ چکے ہیں، اب یہ کافی ہے۔ مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اور معاہدہ کریں۔‘‘

ایکسِیوس کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ایران کے ابتدائی میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی براہِ راست رابطہ کیا تاکہ تنازع کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایرانی حملوں کے اثرات کو کم اہمیت دے کر اسرائیل کو مزید جوابی کارروائی سے باز رکھنے کی کوشش کی۔