دوحہ
قطر کے راس لفان انڈسٹریل سٹی میں واقع ایک فیکٹری میں آپریشن کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث اندرونی دھماکا اور آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہو گئے جبکہ 18 لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ قطر کی وزارتِ داخلہ نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق، قطر انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو گروپ، جو داخلی سکیورٹی فورس لخویا کا حصہ ہے، سول ڈیفنس کی ٹیموں کے تعاون سے لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔وزارت نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ راس لفان انڈسٹریل سٹی کی ایک فیکٹری میں پیش آنے والے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 54 تک پہنچ گئی ہے۔ داخلی سکیورٹی فورس (لخویا) کا قطر انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو گروپ، سول ڈیفنس ٹیموں کے اشتراک سے 18 لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔وزارتِ داخلہ نے ایکس پر جاری متعدد بیانات میں بتایا کہ یہ حادثہ صنعتی شہر میں واقع ایک فیکٹری میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، جس کے بعد سول ڈیفنس کی ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔
ابتدائی بیان میں وزارت نے کہا کہ راس لفان انڈسٹریل سٹی کی ایک فیکٹری میں تکنیکی خرابی کے نتیجے میں اندرونی دھماکا ہوا۔ سول ڈیفنس کی ٹیمیں صورتحال سے نمٹ رہی ہیں اور ابتدائی طور پر کسی زخمی یا ایسے رساؤ کی اطلاع نہیں ملی جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکے۔
تاہم بعد میں جاری کیے گئے ایک تازہ بیان میں وزارت نے تصدیق کی کہ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پہلے جاری کیے گئے بیان کے تسلسل میں واضح کیا جاتا ہے کہ حادثہ فیکٹری میں آپریشن کے دوران پیش آنے والی تکنیکی خرابی کے باعث ہوا۔ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم کسی ایسے رساؤ کی اطلاع نہیں ملی جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہو۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، قطر انرجی نے تصدیق کی کہ دھماکا اور آگ اتوار کی شام راس لفان انڈسٹریل سٹی میں واقع برزان لوکل گیس سپلائی فیسلٹی میں آپریشن شروع کرنے کے دوران پیش آئی۔
کمپنی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا، ’’قطر انرجی تصدیق کرتی ہے کہ 21 جون 2026 بروز اتوار شام راس لفان انڈسٹریل سٹی میں آپریشن شروع کرنے کے دوران ایک آپریشنل حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں برزان لوکل گیس سپلائی فیسلٹی میں دھماکا اور آگ لگ گئی۔کمپنی کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر تعینات کیا گیا تھا اور اب آگ کو مکمل طور پر قابو میں کر لیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی ردِعمل کی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا تھا اور اب صورتحال قابو میں ہے۔ قطر انرجی دستیاب تازہ ترین معلومات عوام تک پہنچاتی رہے گی۔
حکام نے ایک بار پھر زور دے کر کہا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کے ایسے رساؤ کی اطلاع نہیں ملی جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہو، جبکہ واقعے کی تحقیقات اور امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔