دوحہ [قطر]، 10 ستمبر (اے این آئی): وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کے اس بیان کے فوراً بعد کہ امریکی انتظامیہ نے قطر حکومت کو اسرائیل کے "متوقع حملے" کے بارے میں اطلاع دے دی تھی، قطر نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی اور اسے "بے بنیاد" قرار دیا۔وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کے مشیر اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ امریکی اہلکار کی کال اس وقت موصول ہوئی جب دھماکے پہلے ہی شروع ہو چکے تھے۔انہوں نے ایکس(X) پر لکھا:"یہ بیانات کہ قطر کو حملے کے بارے میں پہلے ہی اطلاع دی گئی تھی بے بنیاد ہیں۔ امریکی اہلکار کی کال اس وقت آئی جب دوحہ میں اسرائیلی حملے کے باعث دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔یہ تردید اس وقت سامنے آئی جب اسرائیل نے سی این این کے مطابق دوحہ کے ایک رہائشی علاقے میں موجود اعلیٰ حماس رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا۔
پریس بریفنگ میں لیویٹ نے کہا تھاکہ صدر ٹرمپ نے فوری طور پر خصوصی ایلچی وٹکوف کو ہدایت دی کہ وہ قطری حکام کو آنے والے حملے کے بارے میں مطلع کریں، جو انہوں نے کیا۔ صدر قطر کو امریکہ کا قریبی اتحادی اور دوست سمجھتے ہیں اور اس حملے کے مقام پر انہیں شدید افسوس ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا، جبکہ قطر غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کا ایک اہم ثالث رہا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں اس کے پانچ ارکان مارے گئے لیکن مذاکراتی وفد محفوظ رہا۔
سی این این کے مطابق، قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ کا ایک "باغی کھلاڑی" قرار دیا۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ حملہ ... ہم صرف اسے ریاستی دہشت گردی قرار دے سکتے ہیں۔ یہ پورے خطے کے لیے ایک پیغام ہے کہ اس خطے میں ایک باغی کھلاڑی موجود ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امریکہ نے قطر سے حملے کے تقریباً 10 منٹ بعد رابطہ کیا اور الزام لگایا کہ اسرائیل نے ایسے ہتھیار استعمال کیے جو ریڈار سے بچ نکلتے ہیں۔بعد ازاں اسرائیلی حکام نے تصدیق کی کہ اس کارروائی میں 10 سے زائد لڑاکا طیارے شامل تھے۔ سی این این کے مطابق، اسرائیل کے پاس امریکی ساختہ ایف-35 آئی اسٹیلتھ طیارے ہیں جو ریڈار کی گرفت سے بچنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔