سینٹ پیٹرزبرگ
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کو ہندوستان کو ایک "عظیم ملک" قرار دیتے ہوئے نئی دہلی کی آزاد خارجہ پالیسی کی تعریف کی۔ انہوں نے روس کے ساتھ تعاون کے معاملے پر ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات دوطرفہ اور بین الاقوامی تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں۔
سینٹ پیٹرزبرگ اکنامک فورم میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پوتن نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہندوستان تمام ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ ایک عظیم ملک ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور تیزی سے ترقی کرتی معیشت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بالکل فطری بات ہے کہ ہندوستان اپنے مفادات کے مطابق ان ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات استوار کرے جنہیں وہ ضروری سمجھتا ہے۔پوتن نے مزید کہا کہ مثال کے طور پر روس کے ساتھ تعاون کے معاملے میں امریکہ ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن نریندر مودی پر دباؤ ڈالنا بین الاقوامی تعلقات اور دوطرفہ روابط کے لیے نقصان دہ ہے۔ یہ دباؤ کہیں سے بھی آئے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہے اور اقتصادی ترقی کی بلند ترین شرحوں میں سے ایک کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ یہ کوئی اتفاقی بات نہیں بلکہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی دہلی اور ماسکو کے درمیان ایک خصوصی اور ممتاز تزویراتی شراکت داری موجود ہے۔پوتن نے کہا کہ میں ہمارے تعلقات کو اسی طرح بیان کرتا ہوں۔ یہ تعلقات نہ تو کل قائم ہوئے ہیں اور نہ ہی ایک یا پانچ سال پہلے۔ ہم کئی دہائیوں سے اس شراکت داری پر کام کر رہے ہیں۔ 1947 میں جب سوویت یونین نے جمہوریہ ہند کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، تب سے ہم ایک نئے اور آزاد ملک کے قیام میں اس کی مدد کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستانی عوام کی محنت اور صلاحیتوں کی بدولت ہندوستان نے اپنی ترقی کے سفر میں بڑی اور اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔