ماسکو : بدھ کے روز صدر ولادیمیر پوتن نے خبردار کیا کہ اگر امن مذاکرات ماسکو کی شرائط پر پورا نہ اترے تو روس یوکرین میں اپنے علاقائی کنٹرول کو مزید وسیع کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو کریملن فوجی طاقت پر انحصار کے لیے تیار ہے۔
سینئر فوجی کمانڈروں کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے کہا کہ روس مذاکرات کے ذریعے تنازع حل کرنے اور اس کے بنیادی اسباب کو ختم کرنے کے حق میں ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بامعنی مکالمے کی عدم موجودگی میں ماسکو کا ردعمل مزید سخت ہو جائے گا۔
پوتن نے کہا کہ اگر مخالف فریق اور اس کے غیر ملکی سرپرست سنجیدہ مذاکرات سے انکار کرتے ہیں تو روس اپنی تاریخی سرزمین کی آزادی فوجی ذرائع سے حاصل کرے گا۔
ان کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے مکمل حملے کے بعد شروع ہونے والے تنازع کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں دوبارہ تیز ہو گئی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ برلن میں اعلیٰ سطحی بات چیت کے بعد تصفیہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے تاہم بڑے اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔
امریکہ یوکرین اور یورپی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سکیورٹی ضمانتوں اور علاقائی مسائل پر توجہ مرکوز رہی ہے۔ یورپی رہنماؤں نے یوکرین کے لیے مضبوط امریکی حمایت یافتہ سکیورٹی یقین دہانیوں کی حمایت کی ہے تاہم نیٹو کی رکنیت کی توثیق سے گریز کیا ہے۔
سفارتی سرگرمیوں کے باوجود ماسکو اور کیف کے درمیان فاصلے بدستور وسیع ہیں۔ پوتن نے دعویٰ کیا کہ روسی افواج پوری محاذی لائن پر اسٹریٹجک برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں اور روس اپنی سرحد کے ساتھ سکیورٹی بفر زون کو وسعت دے گا۔ انہوں نے روسی فوجیوں کو جنگ آزمودہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بے مثال جنگی تجربہ ہے۔
یوکرین اور اس کے مغربی اتحادیوں نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے روس کے اقدامات کو یوکرینی خودمختاری کی بلا اشتعال خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پوتن نے روس کی بڑھتی ہوئی فوجی صلاحیتوں کی طرف بھی توجہ دلائی جن میں جوہری اسلحے کی جدید کاری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والا اوریش نک درمیانی فاصلے کا بیلسٹک میزائل اسی مہینے باضابطہ طور پر جنگی ڈیوٹی میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا روایتی ہتھیاروں سے لیس ورژن نومبر 2024 میں یوکرین کی ایک فیکٹری پر حملے کے دوران آزمایا گیا تھا جسے ان کے بقول روکا جانا ممکن نہیں تھا۔
یہ بیانات اس ہفتے یوکرینی امریکی اور یورپی حکام کے درمیان امریکی مسودہ امن تجویز پر ہونے والی متعدد بات چیت کے بعد سامنے آئے ہیں۔ یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے برلن میں امریکی نمائندوں سے ملاقات کے بعد کہا کہ یہ دستاویز چند دنوں میں حتمی شکل پا سکتی ہے اور پھر کریملن کو پیش کی جائے گی۔
پوتن نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ یوکرین اور عالمی برادری 2014 میں الحاق کیے گئے کریمیا اور مشرقی و جنوبی علاقوں میں روسی کنٹرول کو تسلیم کریں۔ انہوں نے یوکرینی افواج سے ان علاقوں سے انخلا کا بھی مطالبہ کیا جو اب بھی کیف کے کنٹرول میں ہیں۔
کریملن نے اس بات پر بھی اصرار کیا ہے کہ یوکرین نیٹو میں شامل ہونے کی کوشش ترک کرے اور خبردار کیا ہے کہ نیٹو افواج کی کسی بھی تعیناتی کو جائز ہدف سمجھا جائے گا۔
زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر نیٹو جیسے سکیورٹی ضمانتیں فراہم کی جائیں تو یوکرین نیٹو رکنیت کی درخواست واپس لینے پر غور کر سکتا ہے تاہم انہوں نے زور دیا کہ نیٹو ہی کیف کی ترجیحی آپشن ہے۔ انہوں نے روس کے ان مطالبات کو مسترد کیا ہے جن میں غیر مقبوضہ علاقوں سے انخلا شامل ہے۔
برلن میں زیر بحث امن منصوبے کو مکمل نہیں مگر قابل عمل قرار دیتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین اور اس کے شراکت دار مضبوط سکیورٹی ضمانتوں پر معاہدے کے قریب ہیں تاہم علاقائی کنٹرول سب سے مشکل مسئلہ بنا ہوا ہے۔
سفارتی سرگرمیوں میں تیزی اور مؤقف کے سخت رہنے کے درمیان پوتن کی یہ وارننگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اگر مذاکرات روسی مطالبات کے مطابق نتائج نہ دے سکے تو ماسکو فوجی سطح پر کشیدگی بڑھانے کے لیے تیار ہے۔