تیانجن :ولادیمیر پوتن نے ہندوستان اور چین کی روس۔یوکرین جنگ کے حل کی کوششوں کو سراہا اور مغرب پر الزام لگایا کہ اس نے "کیف میں بغاوت" کی حمایت کی جس کے نتیجے میں یوکرین کا بحران پیدا ہوا۔چین کے تیانجن شہر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25 ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے کہا ،یوکرین میں بحران کسی ’حملے‘ کا نتیجہ نہیں بلکہ کیف میں بغاوت کا نتیجہ ہے، جسے یوکرین کے مغربی اتحادیوں نے حمایت دی۔
پوتن نے وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر پیٹر نیوارو کے اس بیانیے کی سخت مخالفت کی جس میں کہا گیا تھا کہ یہ تنازع "وزیر اعظم مودی کی جنگ" ہے اور ہندوستانکریملن کے لیے "لانڈرو میٹ" کا کردار ادا کر رہا ہے۔
نیوارو نے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین یورپ اور امریکہ سے مزید پیسے مانگتا ہے۔ ہندوستان جو کچھ کر رہا ہے، اس سے امریکہ میں سب نقصان اٹھاتے ہیں۔ صارفین اور کاروباری ادارے نقصان میں ہیں، مزدور متاثر ہیں، کیونکہ ہندوستان کے زیادہ ٹیرف سے نوکریاں ختم ہو رہی ہیں، آمدنی گھٹ رہی ہے اور اجرتیں کم ہو رہی ہیں۔ ٹیکس دہندگان نقصان میں ہیں کیونکہ ہمیں مودی کی جنگ کے لیے فنڈ دینا پڑتا ہے۔
اس موقع پر پوتن نے مزید کہا کہ ایس سی او کے اندر مکالمہ ایک نئے یوریشین سیکیورٹی سسٹم کی بنیاد رکھ رہا ہے جو پرانے یورو سینٹرک اور یورو-اٹلانٹک ماڈلز کی جگہ لے گا۔انہوں نے کہاکہ ایس سی او بین الاقوامی مسائل کے حل میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے۔ رکن ممالک کے درمیان تجارت میں قومی کرنسیوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ تعاون کی رفتار متاثر کن ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اجلاس میں کہا کہ ایس سی او کو انصاف اور برابری کے اصولوں پر قائم رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسری جنگ عظیم کے بارے میں درست تاریخی نقطہ نظر کو فروغ دینا چاہیے، سرد جنگ کی ذہنیت، بلاک کی سیاست اور دھونس پر مبنی رویوں کی مخالفت کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی رکن ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانہمیشہ مانتا ہے کہ مضبوط رابطے نہ صرف تجارت بڑھاتے ہیں بلکہ ترقی اور اعتماد کے دروازے بھی کھولتے ہیں۔ایس سی او سربراہ اجلاس 2025 اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ عالمی حکمرانی میں کثیر القطبی نظام کی اہمیت بڑھ رہی ہے کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی لین دین پر مبنی سخت رویے نے اس کے زیادہ تر اتحادیوں کو بدظن کر دیا ہے۔