کٹھمنڈو: ہندوستان اور نیپال نے سرحد پار ریلوے رابطوں، بالخصوص جنک پور۔ایودھیا مسافر ٹرین سروس کے آغاز اور ریلوے شعبے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔
نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ گفتگو 11 اور 12 جون کو کٹھمنڈو میں منعقد ہونے والے دسویں پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی اور آٹھویں مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاسوں کے دوران ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت میں جنک پور۔ایودھیا مسافر ٹرین سروس کے آغاز کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقۂ کار (SOPs) کو حتمی شکل دینا اہم موضوعات میں شامل تھا۔
نیپال کا شہر جنک پور، جسے بھگوان رام کی اہلیہ سیتا کی جائے پیدائش مانا جاتا ہے، کٹھمنڈو سے تقریباً 220 کلومیٹر جنوب مشرق اور ایودھیا سے تقریباً 500 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ دونوں مقامات پر ہندوستان اور نیپال سے بڑی تعداد میں عقیدت مند آتے جاتے ہیں۔ اجلاسوں میں رکسول۔کٹھمنڈو براڈ گیج ریلوے لائن کی فائنل لوکیشن سروے (FLS) رپورٹ پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ ہندوستانی تعاون سے تعمیر ہونے والی جین نگر۔بجال پورہ۔بردی باس اور جوگبانی۔بیرات نگر براڈ گیج ریلوے لائنوں کی پیش رفت اور ان کے نفاذ سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔