وزیر اعظم مودی کا جاپان کا دورہ مکمل، اب چین روانہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2025
وزیر اعظم مودی کا جاپان کا دورہ مکمل، اب  چین روانہ
وزیر اعظم مودی کا جاپان کا دورہ مکمل، اب چین روانہ

 



ٹوکیو، 30 اگست (پی ٹی آئی):وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کے روز جاپان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم(SCO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین روانہ ہو گئے۔اپنے دورے کے دوران، بھارت اور جاپان نے 13 اہم معاہدوں اور اعلانات کو حتمی شکل دی اور کئی انقلابی اقدامات کے آغاز کا اعلان کیا۔وزیر اعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا،"یہ جاپان کا دورہ نتیجہ خیز رہا جو ہماری اقوام کے عوام کو فائدہ پہنچائے گا۔ میں وزیر اعظم ایشیبا، جاپانی عوام اور حکومت کا ان کے گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔بھارت-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان وزیر اعظم مودی اور ان کے جاپانی ہم منصب شیگیرو ایشیبا کے درمیان سربراہی بات چیت کے بعد کیا گیا۔جاپان نے بھارت میں اگلے 10 برسوں کے دوران 10 ٹریلین ین (تقریباً 60,000 کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا، اور دونوں ممالک نے کئی بڑے معاہدے کیے جن میں دفاعی تعلقات کے لیے ایک فریم ورک اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے 10 سالہ روڈ میپ شامل ہے۔

دیگر معاہدوں میں ایک اقتصادی سلامتی کا ڈھانچہ بھی شامل ہے جو اسٹریٹجک شعبوں جیسے سیمی کنڈکٹرز، صاف توانائی، ٹیلی کام، دواسازی، اہم معدنیات اور نئی و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سپلائی چین کی لچک کو فروغ دے گا۔وزیر اعظم، جو جمعہ کو ٹوکیو پہنچے تھے، نے کہا کہ بھارت-جاپان تعاون عالمی امن و استحکام کے لیے اہم ہے، اور دونوں ممالک نے شراکت داری کے ایک "نئے اور سنہرے باب" کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔یہ 10 سالہ روڈ میپ مجموعی اقتصادی تعلقات کو نمایاں طور پر وسعت دینے پر مرکوز ہے۔ اس میں کئی اہم ستون شامل تھے جیسے کہ اقتصادی سلامتی، نقل و حرکت، ماحولیاتی پائیداری، ٹیکنالوجی اور جدت، صحت، عوامی سطح پر روابط اور بھارتی ریاستوں اور جاپانی پریفیکچرز کے درمیان تعلقات۔دونوں ممالک نے چندریان-5 مشن کے لیے ایک عمل درآمدی معاہدے پر بھی دستخط کیے، جو کہ دونوں ممالک کی خلائی ایجنسیوں کے درمیان چاند کے قطبی علاقوں کی مشترکہ تلاش کا منصوبہ ہے۔

ہفتے کے روز، مودی نے ٹوکیو میں جاپان کے 16 پریفیکچرز کے گورنرز سے ملاقات کی اور بھارت-جاپان خصوصی اسٹریٹجک و عالمی شراکت داری کے تحت ریاست-پریفیکچر تعاون کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔بعد ازاں، وہ وزیر اعظم ایشیبا کے ہمراہ جاپان کے مِیاگی پریفیکچر کے شہر سینڈائی گئے اور وہاں ایک سیمی کنڈکٹر پلانٹ کا دورہ کیا۔اپنے دو روزہ دورۂ چین کے دوران، مودی 31 اگست اور یکم ستمبر کو تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم(SCO) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔10 رکنی بلاک کی یہ چوٹی کانفرنس بھارت-چین تعلقات کے حوالے سے موجودہ سیاق و سباق میں اہم اور فیصلہ کن تصور کی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب کہ امریکہ نے بھارتی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر کے بھارت-امریکہ تعلقات میں اچانک تناؤ پیدا کر دیا ہے۔یہ سات سالوں میں مودی کا چین کا پہلا دورہ ہو گا۔