براتیسلاوا: وزیر اعظم نریندر مودی کا سلوواکیہ پہنچنے پر روایتی اور پرتپاک استقبال
وزیر اعظم نریندر مودی کو سلوواکیہ میں ان کے دورے کے آغاز پر روایتی اور گرمجوش استقبال پیش کیا گیا۔ یہ ان کے یورپی دورے کا دوسرا مرحلہ ہے۔
انہیں روایتی طور پر روٹی اور نمک پیش کیا گیا جو سلوواکی ثقافت میں مہمان نوازی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ مقامی فنکاروں نے روایتی رقص بھی پیش کیا، جسے انہوں نے سراہتے ہوئے کہا کہ یہ روایات ثقافت اور تاریخ کو زندہ رکھتی ہیں۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ براتیسلاوا میں انہیں روٹی اور نمک کی پیشکش سلوواکیہ کے ثقافتی ورثے اور دوستی و خیرسگالی کی اقدار کی خوبصورت عکاسی ہے۔
ایک اور پیغام میں انہوں نے مایاوا علاقے کے کوپانیتسیارک گروپ کی دلکش پرفارمنس کے مناظر بھی شیئر کیے اور کہا کہ لوک روایات ثقافت اور تاریخ کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے سلوواکیہ میں موجود بھارتی برادری کی محبت اور گرمجوشی پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ جذبات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات کی علامت ہیں۔
وزیر اعظم مودی سنیچر کی شام سلوواکی دارالحکومت پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال وزیر خارجہ یوراج بلا نر اور مقامی فنکاروں نے روایتی ثقافتی پرفارمنس کے ساتھ کیا۔ یہ دورہ سلوواکی وزیر اعظم رابرٹ فیکو کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم مودی کی ملاقات صدر پیٹر پیلیگرینی اور وزیر اعظم رابرٹ فیکو سے متوقع ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، جدت، آٹوموبائل صنعت اور ریلویز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔