مودی فرانس اور سلوواکی کے اہم دورے پر روانہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-06-2026
مودی فرانس اور سلوواکی کے اہم دورے پر روانہ
مودی فرانس اور سلوواکی کے اہم دورے پر روانہ

 



نئی دہلی

وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز نئی دہلی سے فرانس کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں وہ جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کریں گے اور اس کے علاوہ سلوواکی کا سرکاری دورہ بھی کریں گے۔ سلوواکی کی آزادی کے بعد کسی بھی ہندوستانی وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر وزیراعظم مودی 13 سے 14 جون 2026 تک فرانس کے شہر نِیس اور 16 سے 19 جون 2026 تک ایویان اور پیرس کا دورہ کریں گے۔

دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم مودی پیر کے روز نِیس میں صدر میکرون سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما ہندوستان-فرانس تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، جنہیں رواں سال کے آغاز میں ’’خصوصی عالمی اسٹریٹجک شراکت داری‘‘ کی سطح تک بلند کیا گیا تھا۔

نِیس میں دونوں رہنما مشترکہ طور پر ’’ہندوستان انوویٹس‘‘ پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے، جس میں ہندوستان، فرانس اور دیگر ممالک کے ممتاز اسٹارٹ اپس اور وینچر کیپیٹل فنڈز شرکت کریں گے۔ ہندوستان-فرانس اختراعی سال کے دوران منعقد ہونے والا یہ اہم پروگرام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اختراعی شراکت داری کو مزید تقویت دے گا۔ وزیراعظم کے دفتر )نے ایک بیان میں یہ معلومات دی ہیں۔

دورے کے دوسرے مرحلے میں، سلوواکی جمہوریہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو کی دعوت پر وزیراعظم مودی 14 سے 16 جون 2026 تک سلوواکی کا سرکاری دورہ کریں گے۔ 1993 میں سلوواکی کی آزادی کے بعد کسی بھی ہندوستانی وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

یہ دورہ صدر دروپدی مرمو کے اپریل 2025 میں سلوواکی کے سرکاری دورے اور سلوواکی کے صدر پیٹر پیلیگرینی کے فروری 2026 میں اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے ہندوستان کے دورے کے بعد ہو رہا ہے۔

وزیراعظم مودی سلوواکی کے وزیراعظم رابرٹ فیکو کے ساتھ مذاکرات کریں گے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔ وہ سلوواکی کے صدر پیٹر پیلیگرینی سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس دورے کے ذریعے تجارت، سرمایہ کاری، آٹوموبائل اور ریلوے مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں ہندوستان اور سلوواکی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔

دورے کے تیسرے مرحلے میں وزیراعظم مودی 16 اور 17 جون 2026 کو فرانس کے شہر ایویان میں منعقد ہونے والے جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس کے دوران وہ جی-7 ممالک کے رہنماؤں، مدعو شراکت دار ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کریں گے، جن میں نئی شراکت داریوں کا قیام اور عالمی یکجہتی کی بحالی، سب کے لیے متوازن، مشترکہ اور پائیدار اقتصادی ترقی کا فروغ، اور مصنوعی ذہانت (AI) کے محفوظ، تیز اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنانا شامل ہیں۔

اجلاس کے موقع پر وزیراعظم مودی کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

دورے کے آخری مرحلے میں وزیراعظم 18 جون 2026 کو مزید دوطرفہ سرگرمیوں اور یورپ کے سب سے بڑے ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ پروگرام ’’ویوا ٹیک سمٹ‘‘ میں شرکت کے لیے پیرس جائیں گے۔

اس دوران وزیراعظم مودی کے پیرس میں مقیم ہندوستانی برادری کے ارکان سے خطاب کرنے کی بھی توقع ہے۔

وزیراعظم کے دفتر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کا یہ دورہ فرانس، سلوواکی اور جی-7 ممالک کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری کو مزید گہرا کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ جی-7 اجلاس میں وزیراعظم مودی کی موجودگی عالمی جنوب کی ایک مضبوط آواز اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر ہندوستان کے بڑھتے ہوئے مقام کی عکاسی کرتی ہے۔

اسی طرح ’’ہندوستان انوویٹس‘‘ اور ’’ویوا ٹیک سمٹ‘‘ میں وزیراعظم کی شرکت دنیا کے سامنے ہندوستان کو اختراع، ڈیجیٹل تبدیلی اور کاروباری سرگرمیوں کے ایک عالمی مرکز کے طور پر پیش کرے گی، جس سے ہندوستانی، فرانسیسی اور یورپی ٹیکنالوجی نظاموں کے درمیان نئی شراکت داریوں کے امکانات پیدا ہوں گے۔

یہ دورہ یورپی یونین کے ساتھ ہندوستان کی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کرے گا۔