ویٹیکن سٹی
پوپ لیو چہاردہم نے بدھ کے روز ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا، جس پر جمعہ کو دستخط ہونے والے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں باہمی اعتماد، سلامتی اور استحکام کو فروغ دے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں پوپ نے اس معاہدے کو "مکالمے اور مذاکرات میں صبر آزما کوششوں کا حوصلہ افزا نتیجہ" قرار دیا۔ انہوں نے معاہدے میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت مختلف اقوام کے درمیان "مکالمے اور تعاون" کو فروغ دے گی۔
پوپ نے لکھا کہ میں اسلامی جمہوریہ ایران اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہوں، جس پر جمعہ کے روز دستخط کیے جائیں گے۔ یہ مکالمے اور مذاکرات کی مسلسل کوششوں کا حوصلہ افزا نتیجہ ہے۔ میں ان ممالک کا شکر گزار ہوں جنہوں نے فریقین کے درمیان ملاقات اور اس معاہدے کو ممکن بنانے میں کردار ادا کیا۔ میری امید ہے کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں باہمی اعتماد، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور عوام کے درمیان مکالمے اور تعاون کی راہیں ہموار کرے گا۔
پوپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری امن عمل کے حوالے سے محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔ اگرچہ اصولی طور پر کئی ماہ کی کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر اتفاق ہو چکا ہے، تاہم صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز اشارہ دیا کہ جنگ بندی اب بھی بعض شرائط سے مشروط اور غیر یقینی ہے۔
مصر کے صدر کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے واضح کیا کہ موجودہ مفاہمتی یادداشت کوئی حتمی اور ناقابلِ تبدیل دستاویز نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تہران مستقبل میں طے شدہ شرائط پر عمل نہ کرے تو امریکہ دوبارہ فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کر سکتا ہے۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ ابھی حتمی نہیں ہے۔ یہ صرف ایک مفاہمتی یادداشت ہے، اور اگر مجھے یہ پسند نہ آئی تو ہم دوبارہ ان پر حملے شروع کر دیں گے اور ان کے سروں پر بم برسائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے یہ پسند نہ آیا، یا اگر وہ مناسب رویہ اختیار نہیں کرتے، تو ہم دوبارہ ان پر بمباری کریں گے، کیونکہ وہ گزشتہ 47 برسوں سے غلط رویہ اختیار کرتے آئے ہیں۔ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے مجوزہ امن معاہدے کے تین بنیادی نکات بیان کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دراصل بہت سادہ ہے۔ پہلی بات یہ کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے۔ دوسری بات یہ کہ آبنائے ہرمز کھلی رہے گی۔ اور تیسری بات یہ کہ اگر ایران مناسب رویہ اختیار کرتا ہے تو اسے مختلف فوائد حاصل ہوں گے۔دریں اثنا، امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی تقریبِ دستخط سے قبل ابتدائی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ یہ معاہدہ جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں طے پانے والا ہے۔
مجوزہ فریم ورک میں کئی اہم سفارتی اقدامات شامل ہیں۔ فاکس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ان اقدامات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، امریکی ناکہ بندی کا باضابطہ خاتمہ اور ایران کی یورینیم افزودگی کی سرگرمیوں کے بارے میں 60 روزہ مذاکراتی عمل کا آغاز شامل ہے۔
اس جامع منصوبے میں ایران کے خلاف بعض پابندیوں میں نرمی کے ساتھ ساتھ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان منظم جنگ بندی کا خاکہ بھی شامل کیا گیا ہے۔فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری ڈھانچے کے معاملے پر فیصلہ کن اقدامات کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کے لیے 60 روزہ مدت بھی تجویز کی گئی ہے۔