ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں ہندو برادری کے اہم مذہبی تہوار رتھ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس نے سکیورٹی، امن و امان اور ٹریفک انتظامات کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔اس سلسلے میں اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے ہیڈکوارٹر میں ایک رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر مصلح الدین احمد نے کی۔اجلاس میں 16 جولائی کو ہونے والی رتھ یاترا اور 24 جولائی کو منعقد ہونے والی الٹو رتھ یاترا کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یاترا کے دوران بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں پکٹ ڈیوٹی، گشتی دستے، سی سی ٹی وی نگرانی، پیدل گشت، عمارتوں کی چھتوں پر تعینات اہلکار، موٹر سائیکل موبائل ٹیمیں، ڈٹیکٹو برانچ کی ٹیمیں، سادہ لباس میں انٹیلی جنس اہلکار، سواٹ ٹیمیں، بم ناکارہ بنانے والے دستے اور ٹریفک پولیس شامل ہوں گے۔
اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ رتھ یاترا مقررہ راستوں اور طے شدہ اوقات کے مطابق مکمل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ منتظمین سے درخواست کی گئی کہ اذان اور نماز کے اوقات میں لاؤڈ اسپیکر یا مائیک استعمال نہ کیے جائیں، رضاکاروں کی مناسب تعداد تعینات کی جائے، جلوس میں بیگ یا مشکوک سامان لے کر شرکت سے گریز کیا جائے اور کسی بھی مشتبہ شخص یا شے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جائے۔
اپنے صدارتی خطاب میں پولیس کمشنر مصلح الدین احمد نے کہا کہ "رتھ یاترا دارالحکومت کا ایک بڑا جلوس ہے۔ چونکہ اس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں، اس لیے سب کو مکمل چوکسی اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس رتھ یاترا کے محفوظ، منظم اور پُرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کر گی۔"
انہوں نے تمام ڈویژنوں کے ڈپٹی پولیس کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی اپنی حدود میں رتھ یاترا کمیٹیوں کے ساتھ الگ رابطہ اجلاس منعقد کریں اور ہر وقت رابطے میں رہیں۔ انہوں نے متعلقہ تمام اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دیں۔
پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ ڈیوٹی انجام دینے والے رضاکار مخصوص جیکٹ پہنیں گے، جبکہ سادہ لباس میں سکیورٹی اہلکار اور اضافی نفری بھی تعینات رہے گی۔ انہوں نے بجلی کی اوپر سے گزرنے والی تاروں کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت بھی دی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا، "رتھ یاترا کا ہر لمحہ ہمارے لیے اہم ہے۔ بڑی اور چھوٹی تمام رتھ یاتراؤں کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ہمیں امید ہے کہ سب کے تعاون سے یہ تہوار مکمل طور پر پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوگا۔"اجلاس کے دوران جوائنٹ پولیس کمشنر (آپریشنز) محمد شہید اللہ نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے مجموعی حفاظتی منصوبہ پیش کیا۔
اجلاس میں ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے اعلیٰ افسران، مختلف سرکاری اداروں کے نمائندے، ڈی جی ایف آئی، این ایس آئی، اسپیشل برانچ، سی آئی ڈی، ڈھاکہ ساؤتھ سٹی کارپوریشن، فائر سروس اور رتھ یاترا جشن کمیٹی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور اپنے مشورے پیش کیے۔