نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی آسٹریلیا، انڈونیشیا اور نیوزی لینڈ کے تین ملکی دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اس دورے کا مقصد شراکت دار ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ وزیر اعظم اس دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور مختلف ممالک میں مقیم ہندوستانی برادری کے افراد سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کی دعوت پر وزیر اعظم نریندر مودی 6 سے 8 جولائی 2026 تک انڈونیشیا کا دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، یہ وزیر اعظم مودی کا انڈونیشیا کا چوتھا دورہ ہوگا اور مئی 2018 میں ہندوستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کو جامع تزویراتی شراکت داری کی سطح تک پہنچائے جانے کے بعد ان کا یہ پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران وزیر اعظم صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ جکارتہ میں وزیر اعظم تارکینِ وطن ہندوستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی اور عوامی سطح پر گرمجوش تعلقات قائم ہیں۔ ان خصوصی تعلقات کے پیش نظر وزیر اعظم یوگیاکارتا میں واقع پرمبانن مندر کے تاریخی احاطے کا بھی دورہ کریں گے، جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ایک اہم مقام ہے۔
اس کے بعد وزیر اعظم مودی، آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کی دعوت پر 8 سے 10 جولائی تک میلبورن کا دورہ کریں گے۔وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، میلبورن میں وزیر اعظم مودی، وزیر اعظم انتھونی البانیز کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے۔ وہ آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن اے سی سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم ہندوستان-آسٹریلیا سی ای اوز فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ دونوں ممالک کے سرکردہ کاروباری رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم تارکینِ وطن ہندوستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے بھی خطاب کریں گے، جو ہندوستان-آسٹریلیا تعلقات کا ایک مضبوط ستون تصور کیے جاتے ہیں۔
آسٹریلیا کے دورے کے بعد وزیر اعظم مودی، نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی دعوت پر 10 سے 11 جولائی تک ریاستی دورے پر آکلینڈ جائیں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا نیوزی لینڈ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
آکلینڈ میں وزیر اعظم مودی، وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے اور دونوں ممالک کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، جن میں گزشتہ دو برسوں کے دوران، خاص طور پر تجارت، کاروبار اور دفاع کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیر اعظم آکلینڈ میں ممتاز کاروباری شخصیات اور کھیلوں کی معروف شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مضبوط عوامی روابط کی عکاسی کرتے ہوئے، وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران تارکینِ وطن ہندوستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔