نئی دہلی
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ متعدد امن مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے باوجود تنازع جاری ہے، جس کے باعث مغربی ایشیا کی صورتحال مسلسل سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
اسی دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وزیرِ اعظم مودی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کویت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کی۔انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور سفارتی ذرائع کے ذریعے جلد از جلد امن و استحکام بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
کویت میں مقیم ہندوستانیوں کی حفاظت پر اظہارِ تشکر
وزیرِ اعظم مودی نے کویت میں مقیم ہندوستانی برادری کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے ذاتی دلچسپی لینے پر کویت کے امیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔وزارتِ خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سلامتی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
کویت ایئرپورٹ حملے کے بعد رابطہ
وزیرِ اعظم مودی کی یہ گفتگو کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کے چند دن بعد ہوئی ہے۔ اس حملے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ندوستان نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔مودی نے کویت کے امیر کو یقین دلایا کہ ہندوستان ہر مشکل وقت میں کویت کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
وزارتِ خارجہ کا بیان
۔3 جون کو وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ عام شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔وزارت نے جاں بحق ہونے والے شخص کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں موجود ہندوستانی سفارتی مشن متاثرہ شہریوں کی مدد اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔
امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئی ہے۔آبنائے ہرمز کے قریب ایک اپاچی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد امریکہ نے ایران کے مختلف علاقوں پر شدید حملے کیے۔ امریکی کارروائیوں میں قشم جزیرہ، آبنائے ہرمز، جاسک، سیریک، بندر عباس اور بوشہر کو نشانہ بنایا گیا۔امریکہ کا دعویٰ ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک ایرانی ڈرون سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ایران نے ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔تاہم ایران نے ہیلی کاپٹر پر حملے کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔امریکی حملوں کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔
اس دوران ایرانی مسلح افواج نے متعدد بیلسٹک میزائل بھی داغے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور صورتحال بدستور انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔