نئی دہلی: وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نیپال بھارت کا ایک اہم اور ترجیحی شراکت دار ہے اور نئی دہلی نیپال کی نئی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔ بدھ کے روز نیپال کی راشٹریہ سوتنترا پارٹی (RSP) کے چیئرمین روی لامی چھانے سے ملاقات کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں روی لامی چھانے سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا، "میں ان کی اس خواہش کا خیرمقدم کرتا ہوں اور مکمل طور پر اس سے اتفاق کرتا ہوں کہ دونوں ممالک ایک مشترکہ اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔" مودی نے مزید کہا کہ نیپال بھارت کی "پڑوسی پہلے" (Neighbourhood First) پالیسی کے تحت ایک ترجیحی شراکت دار ہے اور بھارت نئی حکومت کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور کثیر جہتی تعلقات کو مزید مضبوط اور بلند سطح تک لے جانے کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ راشٹریہ سوتنترا پارٹی کا ایک وفد، جس کی قیادت روی لامی چھانے کر رہے ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نتن نبین کی دعوت پر بھارت کے دورے پر ہے۔ یہ وفد پیر کی دوپہر نئی دہلی پہنچا تھا۔