بشکیک۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت سے قبل مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھول چڑھاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مہاتما گاندھی کا یہ مجسمہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2015 میں اپنے کرغزستان کے دورے کے دوران نصب کیا تھا۔
وزیر اعظم مودی نے بشپیک میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں کرغزستان کی رزمیہ داستان پر مبنی کتاب مناس بھی پیش کی گئی۔کرغزستان یوگا فیڈریشن کے صدر دانیل رائکوف نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد کہا کہ انہوں نے 10 سال قبل کنڈلنی یوگا کے ذریعے یوگا کا پہلا تجربہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں وہ ویڈیو اسباق کے ذریعے یوگا سے متعارف ہوئے اور بعد میں ان کی دلچسپی بڑھتی چلی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کرغزستان اور ہندوستان کے کئی اساتذہ سے رہنمائی حاصل کرنے کے بعد یوگا نے ان کی زندگی بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرغزستان یوگا فیڈریشن کے صدر ہیں اور وزیر اعظم مودی سے ملاقات پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرغزستان میں یوگا کو ایک کھیل کے طور پر فروغ دینے کے لیے ہندوستان اور ہندوستانی حکومت کا تعاون حاصل ہوگا۔
کرغزستان میں آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن کی بانی اور وسطی ایشیا کی امریکی یونیورسٹی کی پروفیسر جلدیز کواتوا نے کہا کہ وہ 2017 سے کرغزستان میں یوگا کی تعلیم دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے یوگا کی مسلسل حمایت ان کے لیے حوصلہ افزا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات ان کے لیے نہایت خوشی اور تحریک کا باعث بنی۔ اس سے کرغزستان میں یوگا کو مزید فروغ دینے کا حوصلہ ملا ہے کیونکہ اس کے معاشرے۔ صحت اور تعلیمی نظام کے لیے کئی فوائد ہیں۔
ہٹھ یوگا کی معلمہ آرینا نیازبیکووا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ان سب کے لیے ایک یادگار اور خوشگوار تجربہ تھا۔ انہوں نے دنیا بھر میں یوگا کے معلموں کی حمایت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ دو مرتبہ ہندوستان آ چکی ہیں اور یہاں یوگا سے متعلق تعلیمی تربیت بھی حاصل کر چکی ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے بشپیک میں مقیم ہندوستانی برادری کے ارکان سے بھی ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔کرغزستان میں قائم پائلن ٹریڈرز کے ڈائریکٹر آدتیہ بھوشن مترا نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کو ناقابل فراموش تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے خواب پورا ہونے جیسا لمحہ تھا۔وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی 26 ویں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشپیک پہنچے ہیں۔ اس اجلاس میں 10 رکن ممالک۔ 15 شراکت دار ممالک اور 2 مبصر ممالک کے رہنما علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے شریک ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
بشکیک آمد وزیر اعظم مودی کے دو ملکی دورے کا دوسرا مرحلہ ہے۔ اس سے قبل وہ ازبکستان کا سرکاری دورہ مکمل کر چکے ہیں جہاں انہوں نے ازبک صدر شوکت مرزیایوف کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔دورہ ازبکستان کے دوران ہندوستان اور ازبکستان نے اپنے تعلقات کو جامع تزویراتی شراکت داری کا درجہ دیا اور تجارت و سرمایہ کاری۔ بنیادی ڈھانچے۔ عوامی ڈیجیٹل نظام۔ مصنوعی ذہانت۔ اہم معدنیات۔ توانائی۔ خلائی شعبے۔ زراعت۔ صحت۔ ادویات سازی۔ تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے 2030 تک باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا اہم ہدف بھی مقرر کیا۔ اس کے لیے منڈیوں تک بہتر رسائی۔ رابطہ نظام اور بینکاری و ادائیگی کے نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔تاشقند سے روانگی سے قبل وزیر اعظم مودی نے صدر شوکت مرزیایوف کا اپنے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان کا شکریہ۔ صدر مرزیایوف کی گرمجوشی۔ ہر معاملے پر توجہ اور ہندوستان ازبکستان دوستی کے لیے ان کی ذاتی وابستگی کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے تاشقند میں سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی یادگار پر بھی پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ تاشقند میں سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہم ایک ایسے عظیم مدبر کو یاد کرتے ہیں جن کی ملک کے لیے غیر متزلزل وابستگی آج بھی نسلوں کے لیے باعث تحریک ہے۔