روم :وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز اٹلی کے صدر سرجیو ماتاریلا سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے بھارت اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط شامل تھے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مصنوعی ذہانت (AI)، اہم معدنیات، خلائی تحقیق اور نیوکلیئر انرجی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوئی۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نریندر مودی اس سے قبل روم پہنچنے کے بعد اپنے اطالوی ہم منصب کے ساتھ عشائیے میں بھی شریک ہوئے تھے، جہاں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے تاریخی مقام کولوسیم کا دورہ بھی کیا اور بھارت-اٹلی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی۔ بعد ازاں ایک مشترکہ مضمون میں دونوں رہنماؤں نے بھارت اور اٹلی کے تعلقات کو “اسٹریٹجک شراکت داری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات ایک نئے “انڈو-میڈیٹیرینین” دور میں داخل ہو چکے ہیں، جو تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک رابطوں کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔