مودی کا دورہ امریکہ : پانچ بڑی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
پی ایم کا امریکی دورہ: امریکی سی ای اوز سے ملاقات
پی ایم کا امریکی دورہ: امریکی سی ای اوز سے ملاقات

 


واشنگٹن:وزیر اعظم نریندر مودی  نے جو کہ تین روزہ دورے پر ہیں ،آج پانچ بڑی امریکی کمپنیوں کے نمائندوں  سے ملاقات کی۔جمعرات کو وزیر اعظم مودی سے امریکی کمپنی کوالکم کے سی ای او کرسٹینیو آرایمان، فرسٹ سولر کے مارک وڈمر، ایڈوب کے شانتو نارائن، جنرل ایٹمکس کے ویویک لال ، بلیک اسٹون کے اسٹیفن اے شوارزمین نے ملاقات کی۔

کوالکوم ایک ملٹی نیشنل فرم ہے جو سیمی کنڈکٹرز ، سافٹ وئیر اور وائرلیس ٹیکنالوجی کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ملاقات کے دوران ہندوستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی جا سکتی ہے۔

نریندر مودی نے آج اڈوب کے صدر اور سی ای او، جناب شانتنو نرائن سے ملاقات کی۔ دونوں حضرات نے ہندوستان میں اڈوب کے جاری اشتراک اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیالات کیے۔ یہ بات چیت ہندوستان کے فلیگ شپ پروگرام ڈجیٹل انڈیا، اور صحت ، تعلیم اور تحقیق و ترقی جیسے شعبوں میں ابھرتی ہوئی تکنالوجیوں کے استعمال پر بھی مرتکز رہی

اس کے ساتھ نریندر مودی نے بلیک اسٹون کے چیئرمین، سی ای او اور بانی مشترک ، جناب اسٹیفن شوارزمین سے ملاقات کی۔ شوارزمین نے ہندوستان میں بلیک اسٹون کے جاری پروجیکٹوں، اور بنیادی ڈھانچہ اور رئیل اسٹیٹ شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے سلسلے میں ان کی دلچسپی کے بارے میں وزیر اعظم مودی کو جانکاری دی۔ قومی بنیادی ڈھانچہ پائپ لائن اور قومی منیٹائزیشن پائپ لائن کے تحت مواقع سمیت ہندوستان میں امید افزا سرمایہ کاری مواقع کے بارے میں بھی تبادلہ خیالات کیے گئے۔

نریندر مودی نے آج جنرل ایٹومکس گلوبل کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو جناب وویک لال سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہندوستان میں دفاعی ٹیکنالوجی سیکٹر کو مضبوط کرنے کے بارے میں بات چیت کی۔ جناب لال نے ہندوستان میں دفاع اور اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کی تعمیر میں تیزی لانے کے لئے حالیہ پالیسی تبدیلیوں کی ستائش کی۔

اس کے بعد پی ایم مودی ہندوستانی نژاد امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم مودی آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم مودی جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہائیڈے سوگا کے ساتھ مختلف مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ جاپان اور آسٹریلیا بھی کواڈ گروپ کا حصہ ہیں۔

ہندوستان اور امریکہ بھی کواڈ میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی دعوت پر وزیر اعظم نریندر مودی 23 سے 25 ستمبر تک امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ جو بائیڈن سے بھی ملاقات کریں گے۔

کورونا کی دوسری لہر کے بعد پی ایم نریندر مودی کا یہ پہلا بڑا غیر ملکی دورہ ہے۔ اس دوران پی ایم مودی 24 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

جب پی ایم مودی جمعرات کی صبح ہندوستانی وقت کے مطابق تقریبا  3.30 بجے واشنگٹن پہنچے تو وہاں موجود ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں نے پرجوش استقبال کیا۔ پی ایم مودی نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شیئر کیں۔