ممبئی میں مودی نے ایمینوئل میکرون سے ملاقات کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-02-2026
ممبئی میں مودی نے ایمینوئل میکرون سے ملاقات کی
ممبئی میں مودی نے ایمینوئل میکرون سے ملاقات کی

 



ممبئی 
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے ممبئی میں ملاقات کی ہے۔ وزیرِ اعظم مودی اور میکرون کی ملاقات کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جن میں دونوں رہنما نہایت گرمجوشی سے مصافحہ کرتے اور فوٹو شوٹ کرواتے نظر آ رہے ہیں۔ دونوں رہنما شام کے وقت ہندوستان–فرانس انوویشن ایئر 2026 کا افتتاح کریں گے۔ مودی اور میکرون صنعتکاروں، اسٹارٹ اپ بانیوں، تحقیقی ماہرین اور اختراع (انوویشن) سے وابستہ افراد سے خطاب کریں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران میکرون دہلی میں اے آئی امپیکٹ سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔
ممبئی پہنچنے پر فرانس کے صدر کا ممبئی ایئرپورٹ پر مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنویس اور گورنر آچاریہ دیوورت نے پرتپاک استقبال کیا۔
ممبئی دہشت گرد حملوں کے متاثرین کو خراجِ عقیدت
واضح رہے کہ ہندوستان کے اپنے موجودہ دورے کے دوران فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا كہ ممبئی کے تاج محل پیلس میں ہم نے 2008 کے حملوں کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کے اہلِ خانہ اور عزیزوں کے لیے، اور ہندوستان کے لیے، فرانس آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ دہشت گردی کے مقابلے میں، اتحاد اور پختہ عزم کے ساتھ۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم مودی نے ایکس پر میکرون کا خیرمقدم کرتے ہوئے لکھا كہ ہندوستان آپ کی آمد اور ہمارے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری بات چیت سے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا اور عالمی ترقی میں مدد ملے گی۔
وزیرِ اعظم مودی نے آگے کہا كہ ممبئی میں اور پھر دہلی میں ملاقات ہوگی، میرے پیارے دوست ایمانوئیل میکرون۔
میکرون کا یہ ہندوستان کا چوتھا دورہ
صدر میکرون کا یہ دورہ وزیرِ اعظم مودی کی جانب سے ہندوستان میں منعقد اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ یہ صدر میکرون کا ہندوستان کا چوتھا دورہ ہے اور ممبئی میں ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ مارچ 2018 میں پہلی بار ہندوستان آئے تھے۔ اس کے بعد وہ ستمبر 2023 میں جی20 سربراہی اجلاس کے لیے اور جنوری 2024 میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے تھے۔
ہندوستان اور فرانس کے درمیان 1998 سے اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے، اور دونوں ممالک دفاع، ٹیکنالوجی، خلاء اور توانائی جیسے شعبوں میں مل کر کام کرتے ہیں۔ یہ دورہ بھی اسی تعاون کو آگے بڑھانے کے لحاظ سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے مطابق، وزیرِ اعظم مودی اور میکرون کے درمیان بات چیت میں ہندوستان–فرانس اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جامع جائزہ شامل ہوگا۔