مودی نے آئس لینڈ کی وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-05-2026
مودی نے آئس لینڈ کی وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی
مودی نے آئس لینڈ کی وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی

 



اوسلو
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز (مقامی وقت کے مطابق) تیسرے ہندوستان-نورڈک سربراہی اجلاس سے قبل آئس لینڈ کی وزیرِ اعظم کرسٹرون میول فروستادوٹر کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔وزیرِ اعظم مودی اوسلو میں منعقد ہونے والے تیسرے ہندوستان-نورڈک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ ناروے، ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ اور سویڈن کے وزرائے اعظم کے ساتھ تبادلۂ خیال کریں گے۔
یہ اعلیٰ سطحی اجلاس نئی دہلی اور نورڈک ممالک کے درمیان جغرافیائی و تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ایسے اجلاس 2018 میں اسٹاک ہوم اور 2022 میں کوپن ہیگن میں منعقد ہو چکے ہیں۔اس سے قبل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ناروے کے وزیرِ اعظم یونس گاہر ستورے کے ساتھ بات چیت کے بعد ہندوستان اور ناروے کے تعلقات کو ’’گرین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ‘‘ کی سطح تک بلند کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وزیرِ اعظم مودی نے ملاقات کو ’’نتیجہ خیز مذاکرات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صاف توانائی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون اس گفتگو کا اہم نتیجہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اہم پیش رفت یہ رہی کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو گرین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ تک وسعت دی گئی، جس سے صاف توانائی، پائیدار ترقی، بلیو اکانومی، گرین شپنگ اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے اختراع، تحقیق، تعلیم، صحت کی خدمات اور مہارتوں کی ترقی کے میدان میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
مودی نے انڈو پیسیفک اوشنز انیشی ایٹو میں ناروے کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ ناروے نے انڈو پیسیفک اوشنز انیشی ایٹو میں شمولیت اختیار کی ہے۔
پیر کے روز ہندوستان اور ناروے کے درمیان تعلقات میں ایک بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سرکاری دورۂ ناروے کے دوران 12 معاہدوں اور مختلف اقدامات پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی، بحری امور اور سائنسی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک کو وسعت دی گئی۔
اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو گرین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا، جس کا مقصد پائیدار ترقی، صاف توانائی کی منتقلی اور سبز صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں موسمیاتی اقدامات، سرکلر اکانومی اور ناروے کی تکنیکی مہارت کو ہندوستان کی پیداواری صلاحیتوں کے ساتھ جوڑنے پر زور دیا گیا۔اہم پیش رفت میں ناروے کی جانب سے انڈو پیسیفک اوشنز انیشی ایٹو میں باضابطہ شمولیت بھی شامل ہے، جس سے بحری سلامتی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگا اور ایک آزاد، کھلے اور خوشحال انڈو پیسیفک خطے کی حمایت کو تقویت ملے گی۔
اس کے علاوہ، ہندوستان 2027 میں منعقد ہونے والی ’’نور شپنگ‘‘ نمائش میں ایک خصوصی ’’انڈیا پویلین‘‘ کے ساتھ شرکت کرے گا، جس کا مقصد بلیو اکانومی، جہاز سازی، گرین شپنگ ٹیکنالوجی اور جدید بندرگاہی ڈھانچے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔خلائی تعاون کے شعبے میں دونوں ممالک نے بیرونی خلا کے پُرامن استعمال اور تحقیق سے متعلق ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے، جس کے تحت خلائی ایجنسیوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔
اس دورے کی ایک اہم جھلک ’’ہندوستان-ناروے ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ پارٹنرشپ‘‘ کا آغاز بھی تھا، جس کے تحت ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل عوامی سہولیات اور کھلے ڈیجیٹل نظاموں کے میدان میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ توقع ہے کہ یہ شراکت داری ’’ڈیجیٹل انڈیا‘‘ مشن کو تقویت دے گی اور ناروے کے اشتراک سے گلوبل ساؤتھ ممالک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو فروغ ملے گا۔یہ تمام پیش رفت وزیرِ اعظم مودی کے پانچ ملکی دورے کا حصہ ہیں، جس میں نورڈک ممالک بھی شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم مودی اس وقت اپنے پانچ ملکی دورے کے چوتھے مرحلے میں ناروے میں موجود ہیں۔ وہ متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈز اور سویڈن کے دورے کے بعد اوسلو پہنچے۔