نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں جاپان کی وزیر اعظم سَنائے تاکائیچی کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیے۔ دونوں ممالک اپنے خصوصی تزویراتی اور عالمی شراکتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
حیدرآباد ہاؤس پہنچنے سے قبل جاپانی وزیر اعظم کا راشٹرپتی بھون کے صحن میں باضابطہ استقبال کیا گیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمارے خصوصی شراکتی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ جاپان کی وزیر اعظم سَنائے تاکائیچی کا راشٹرپتی بھون کے صحن میں باضابطہ استقبال کیا گیا۔ اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی مستقبل کی شراکت داری۔
استقبالیہ تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے کابینہ کے ساتھیوں اور دیگر معزز شخصیات کا تعارف جاپانی وزیر اعظم سے کرایا۔اس سے قبل، جاپان نے سَنائے تاکائیچی کے نئی دہلی پہنچنے پر اپنے دورۂ ہندوستان کے حوالے سے خوشی اور جوش کا اظہار کیا تھا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں جاپانی کابینہ کے شعبۂ تعلقات عامہ کے عہدیدار نے کہا، "آپ کے پُرتپاک استقبال پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ہمیں ہندوستان کے دورے پر آنے کی بے حد خوشی ہے!۔
ایک اور پوسٹ میں جاپانی حکام نے وزیر اعظم سَنائے تاکائیچی کے باضابطہ استقبال کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان سربراہی اجلاس کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ استقبالیہ تقریب اختتام پذیر ہو چکی ہے اور اس کے بعد وزیر اعظم سَنائے تاکائیچی، وزیر اعظم مودی کے ساتھ سربراہی مذاکرات کریں گی۔
سَنائے تاکائیچی یکم سے 3 جولائی تک وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورۂ ہندوستان پر ہیں۔اس دورے کے دوران وہ 16ویں ہندوستان-جاپان سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گی، جس میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، یہ سربراہی اجلاس دونوں رہنماؤں کو تزویراتی، اقتصادی، تکنیکی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے کے دوران سرمایہ کاری اور اختراعات کو فروغ دینے، اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے اور سیمی کنڈکٹرز اور اہم معدنیات جیسے شعبوں میں مضبوط سپلائی چینز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، مذاکرات میں سمندری سلامتی، دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون، اور خلیج بنگال سے لے کر شمال مشرقی ہندوستان تک "صنعتی ویلیو چین" کی تعمیر جیسے موضوعات بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔
سَنائے تاکائیچی کے ہندوستان-جاپان بزنس فورم میں بھی شرکت کرنے کی توقع ہے، جہاں دونوں ممالک کے حکومتی اور صنعتی شعبوں کے رہنما سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اگست 2025 میں ٹوکیو کے دورے اور 15ویں ہندوستان-جاپان سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ہو رہا ہے، ایسے وقت میں جب دونوں ممالک علاقائی اور عالمی چیلنجوں کے پیش نظر اپنے خصوصی تزویراتی اور عالمی شراکتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔