وزیر اعظم مودی کا انڈونیشیائی قیادت کو ہندوستانی فن پارے، خصوصی چائے اور ہینڈلوم ریشم کا تحفہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2026
وزیر اعظم مودی کا انڈونیشیائی قیادت کو ہندوستانی فن پارے، خصوصی چائے اور ہینڈلوم ریشم کا تحفہ
وزیر اعظم مودی کا انڈونیشیائی قیادت کو ہندوستانی فن پارے، خصوصی چائے اور ہینڈلوم ریشم کا تحفہ

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 سے 8 جولائی تک اپنے انڈونیشیا کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے انڈونیشیا کی قیادت کو منفرد ہندوستانی فن پارے، خصوصی چائے اور ہینڈلوم ریشم کے تحائف پیش کیےوزیر اعظم مودی نے ہندوستان کی شاندار ثقافتی وراثت اور فنکارانہ مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے انڈونیشیا کے صدر کو منفرد فن پارے اور خصوصی چائے جبکہ انڈونیشیائی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو ہینڈلوم ریشم کا تحفہ دیا۔

ان تحائف میں اتراکھنڈ کی روایتی ایپن مصوری سے لے کر اڈیشہ کی عالمی شہرت یافتہ اکت بُنائی تک مختلف فنون شامل تھے، جنہیں دونوں ہمسایہ ممالک کے مشترکہ تاریخی اور ثقافتی رشتوں کی عکاسی کے لیے خوصی طور پر منتخب کیا گیا۔

وزیر اعظم مودی نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو ایپن فن پارہ پیش کیا، جو اتراکھنڈ کے کماؤں خطے کا ایک روایتی لوک فن ہے۔ یہ فن زیادہ تر خواتین تہواروں کے مواقع پر گھروں کی دیواروں اور فرش پر سرخ مٹی کی بنیاد پر چاول کے آٹے سے بنائے گئے سفید نقش و نگار کے ذریعے تخلیق کرتی ہیں۔ یہ نقش نہایت مہارت سے ہاتھ سے بنائے جاتے ہیں اور نسل در نسل منتقل ہونے والی قدیم روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ فن پارہ بھگوان شیو کے نام منسوب ہے اور اس میں مقدس ہندسی اشکال شامل ہیں جو کائناتی توانائی کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔ یہ ہندوستان میں فن اور روحانیت کے گہرے تعلق کو ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور انڈونیشیا کے مشترکہ ثقافتی ورثے اور دیرینہ دوستی کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے صدر پرابوو سوبیانتو کو آسام کی مشہور "منوہاری گولڈ ٹی" بھی تحفے میں دی۔ یہ ہندوستان کی بہترین خصوصی چائے میں شمار ہوتی ہے اور آسام کی چائے کی قدیم روایت اور اعلیٰ مہارت کی عکاس ہے۔یہ چائے صرف پی 126 قسم کی چائے کی نرم کونپلوں سے تیار کی جاتی ہے، جنہیں جون کے دوسرے سیزن میں ہاتھ سے توڑا، ہاتھ سے رول کیا اور قدرتی دھوپ میں خشک کیا جاتا ہے۔ یہی عمل اسے سنہری رنگ، نفیس ذائقہ اور منفرد معیار عطا کرتا ہے۔

روزانہ تقریباً 25 گرام کی انتہائی محدود مقدار میں تیار ہونے والی یہ چائے دنیا کی نایاب ترین دستکارانہ چاؤں میں شمار کی جاتی ہے۔ قدرتی طور پر اینٹی آکسیڈنٹس اور چائے کے مفید اجزا سے بھرپور یہ چائے پھولوں یسی خوشبو، ہلکی مٹھاس اور نرم مالٹی ذائقہ پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے صدر کو کشمیر کے روایتی پیپر ماشی فن سے تیار کردہ ایک خوبصورت پیالہ بھی پیش کیا، جس پر ہاتھ سے پھولوں اور پرندوں کے نقش بنائے گئے ہیں۔

کاغذ کے گودے سے ہاتھ سے تیار کیے گئے اس فن پارے پر روایتی نقاشی کے انداز میں باریک پھول، پرندے، آرائشی ڈیزائن اور سنہری نقش و نگار بنائے گئے ہیں، جبکہ اس پر چمکدار روغن چڑھایا گیا ہے، جو اس کی خوبصورتی اور مضبوطی میں اضافہ کرتا ہے۔

یہ فن پارہ حسن، امن اور فطرت سے ہم آہنگی کی علامت ہے اور کشمیر کی عظیم فنکارانہ روایت کی نمائندگی کرتا ہے۔اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے صدر پرابوو سوبیانتو کو چاندی کی روایتی ابھری ہوئی نقش کاری والی آرائشی پلیٹ بھی تحفے میں دی، جس پر ہاتھی اور پھولوں کے خوبصورت نقش بنائے گئے ہیں۔

یہ پلیٹ مکمل طور پر ہاتھ سے ریپوسے اور چیزنگ تکنیک کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔ اس کے مرکز میں کنول کا پھول جبکہ اطراف میں ہاتھی، درخت اور پھولوں کے نفیس نقش بنائے گئے ہیں، جو ہندوستان کی صدیوں پرانی چاندی سازی کی مہارت کا بہترین نمونہ ہیں۔

کنول پاکیزگی اور روحانی بیداری جبکہ ہاتھی دانائی، طاقت، خوشحالی اور شاہی وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ چونکہ ہاتھی ہندوستان اور انڈونیشیا دونوں کے قدرتی ورثے کا مشترکہ حصہ ہے، اس لیے یہ تحفہ جنگلی حیات کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے انڈونیشیائی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو اڈیشہ کی مشہور اکت ریشمی ساڑی، جسے مقامی زبان میں "بندھا" کہا جاتا ہے، تحفے میں دی۔یہ ہینڈلوم ریشم اپنی منفرد ٹائی اینڈ ڈائی تکنیک، شوخ رنگوں اور نفیس نقش و نگار کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ دھاگوں کو بُنائی سے پہلے مخصوص انداز میں باندھ کر رنگا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں کپڑے کے دونوں جانب ایک جیسے ڈیزائن اور نرم خم دار نقش ابھر کر سامنے آتے ہیں۔

سمبل پور، نواپٹنا اور برگڑھ جیسے مراکز میں تیار ہونے والا اڈیشہ اکت اس خطے کی ثقافتی شناخت، فنی مہارت اور داستان گوئی کی قدیم روایت کی نمائندگی کرتا ہے۔اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ وفود کی سطح پر تفصیلی دو طرفہ مذاکرات بھی کیے۔دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مذاکرات میں سیاسی تعلقات، دفاع اور سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سمندری تعاون، رابطہ کاری اور علاقائی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔