ایڈیس ابابا:وزیر اعظم نریندر مودی نے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی کو فروری میں ہندستان میں ہونے والے آئندہ اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے برکس سمٹ میں شرکت کی بھی دعوت دی ہے جس کی میزبانی ہندستان سن 2026 میں کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ وزارت خارجہ نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی۔وزیر اعظم کے دورہ ایتھوپیا پر میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے سیکریٹری ایس آر سدھاکر دلیلا نے کہا کہ ہندستان یکم جنوری 2026 سے ایک سال کے لئے برکس گروپ کی صدارت سنبھالے گا۔
سدھاکر دلیلا نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی بدھ کے روز ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔دن کے دوران وزیر اعظم پارلیمنٹ کے اسپیکر اور دیگر سینئر ایتھوپیائی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپنی مصروفیات کے تحت وزیر اعظم مودی ادوا میوزیم جائیں گے اور ادوا وکٹری میموریل پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم مودی منگل کے روز ایتھوپیا پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ خصوصی خیر سگالی کے طور پر وزیر اعظم ابی احمد علی خود وزیر اعظم مودی کو نیشنل سائنس میوزیم اور فرینڈشپ پارک لے گئے۔
بعد ازاں نیشنل پیلس میں وزیر اعظم مودی کا رسمی استقبال کیا گیا جہاں انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی دو طرفہ بات چیت ہوئی جس میں سیاسی اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون پر گفتگو کی گئی۔وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی کے خلاف ہر شکل میں ہندستان کی جدوجہد کی مضبوط حمایت پر وزیر اعظم ابی احمد کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے اہم شعبوں میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔ سدھاکر دلیلا نے بتایا کہ ان میں کسٹمز تعاون اقوام متحدہ کی امن مشن تربیت اور ایتھوپیا کی وزارت خارجہ میں ڈیٹا سینٹر کے قیام سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔
منگل کے روز وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کے دورے کے سرکاری نتائج بھی جاری کئے۔ اس میں دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری تک بلند کرنا ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔اہم معاہدوں میں کسٹمز معاملات میں تعاون اور باہمی انتظامی مدد کا معاہدہ ایتھوپیا کی وزارت خارجہ میں ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لئے مفاہمتی یادداشت اور اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں کی تربیت میں تعاون کے لئے نفاذی انتظام شامل ہیں۔ہندستان اور ایتھوپیا نے جی 20 کامن فریم ورک کے تحت قرض کی تنظیم نو پر بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس سے اقتصادی اور مالی امور میں قریبی تال میل کی عکاسی ہوتی ہے۔ تعلیمی تعاون کو مضبوط کرتے ہوئے آئی سی سی آر پروگرام کے تحت ایتھوپیائی طلبہ کے لئے وظائف دوگنے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی ٹی ای سی اقدام کے تحت مصنوعی ذہانت میں قلیل مدتی خصوصی کورسز کی پیشکش بھی کی جائے گی۔
صحت کے شعبے میں ہندستان ایڈیس ابابا کے مہاتما گاندھی اسپتال میں صلاحیت میں اضافے کی حمایت کرے گا۔ خاص طور پر زچگی کی دیکھ بھال اور نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت پر توجہ دی جائے گی۔اسی دوران وزیر اعظم مودی نے ایتھوپیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز گریٹ آنر نشان آف ایتھوپیا سے نوازے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اسے بڑے فخر کی بات قرار دیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا اعتراف ہے۔وزیر اعظم ابی احمد علی اور ایتھوپیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ اعزاز ان بے شمار ہندستانیوں کا ہے جنہوں نے برسوں سے ہندستان ایتھوپیا تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک کی جانب سے اعزاز ملنا ان کے لئے نہایت معنی خیز ہے۔ایتھوپیا نے منگل کے روز یہ اعزاز عطا کیا۔ اس کے ساتھ وزیر اعظم مودی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے عالمی سربراہ مملکت یا حکومت بن گئے۔ یہ اعزاز وزیر اعظم نریندر مودی کو ملنے والا 28 واں اعلیٰ غیر ملکی ریاستی اعزاز ہے۔