اوسلو میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ناروے کے شاہ ہیرالڈ پنجم سے ملاقات۔ ہندوستان اور ناروے کے مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-05-2026
اوسلو میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ناروے کے شاہ ہیرالڈ پنجم سے ملاقات۔ ہندوستان اور ناروے کے مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ
اوسلو میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ناروے کے شاہ ہیرالڈ پنجم سے ملاقات۔ ہندوستان اور ناروے کے مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ

 



اوسلو۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ناروے کے شاہ ہیرالڈ پنجم سے اوسلو کے شاہی محل میں ملاقات کی اور ہندوستان و ناروے کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ ہند کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون اور مشترکہ اقدار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر ہندوستانی عوام کی جانب سے شاہ ہیرالڈ پنجم کو نیک خواہشات پیش کیں اور ناروے کی قدرتی خوبصورتی کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور ناروے کی شراکت داری جمہوریت۔ قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح پر مبنی طرز حکمرانی جیسی مشترکہ اقدار کی بنیاد پر مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی کمپنیوں کی جانب سے مختلف شعبوں خصوصاً نئی ٹیکنالوجی کے میدان میں حاصل کی گئی نمایاں پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم مودی اور شاہ ہیرالڈ پنجم نے تجارت۔ اختراع۔ جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

شاہ ہیرالڈ پنجم نے وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ایک خصوصی ظہرانہ بھی دیا۔ وزیر اعظم مودی نے ناروے کے شاہی خاندان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ناروے کے اعلیٰ ترین اعزاز “گرینڈ کراس آف دی رائل نارویجین آرڈر آف میرٹ” سے بھی نوازا گیا۔ یہ اعزاز ناروے اور عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی اس وقت اپنے پانچ ملکی دورے کے چوتھے مرحلے میں ناروے پہنچے ہیں اور 19 مئی کو اٹلی روانہ ہوں گے۔