نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو انسٹاگرام پر 10 کروڑ (100 ملین) فالوورز کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، اور اس پلیٹ فارم پر یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے رہنما اور سیاست دان بن گئے۔
وزیرِ اعظم مودی 2014 میں انسٹاگرام سے وابستہ ہوئے تھے۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔ دنیا کے اگلے پانچ بڑے عالمی رہنماؤں کے مجموعی فالوورز کی تعداد بھی وزیرِ اعظم مودی کے انفرادی فالوورز سے کم ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 4 کروڑ 32 لاکھ فالوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد انڈونیشیا کے صدر پربووو سبیانتو 1 کروڑ 50 لاکھ، برازیل کے صدر لولا 1 کروڑ 44 لاکھ، ترکی کے صدر اردوان 1 کروڑ 16 لاکھ اور ارجنٹینا کے صدر خاویر میلی 64 لاکھ فالوورز کے ساتھ آتے ہیں۔
مزید یہ کہ خود ہندوستان کے اندر بھی فالوورز کی تعداد میں فرق نہایت نمایاں ہے۔انسٹاگرام پر وزیرِ اعظم مودی دیگر ہندوستانی سیاسی رہنماؤں سے کہیں آگے ہیں۔ دوسرے نمبر پر اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہیں جن کے تقریباً 1 کروڑ 61 لاکھ فالوورز ہیں، جبکہ ان کے بعد راہل گاندھی تقریباً 1 کروڑ 26 لاکھ فالوورز کے ساتھ موجود ہیں۔
اس وقت وزیرِ اعظم مودی اسرائیل کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔بدھ کے روز اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو “اسپیکر آف دی کنیسٹ میڈل” سے نوازا، جو کنیسٹ کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔یہ اعزاز ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں وزیرِ اعظم مودی کی “ذاتی قیادت کے ذریعے غیر معمولی خدمات” کے اعتراف میں دیا گیا۔
یہ میڈل اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیرِ اعظم مودی کی تقریر کے بعد عطا کیا گیا۔تقریر کے بعد وزیرِ اعظم مودی نے کنیسٹ کے اراکین سے ملاقات کی، جنہوں نے وزیرِ اعظم کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنوائیں۔
وزیرِ اعظم مودی کو اپنی تقریر کے دوران کھڑے ہو کر داد دی گئی، اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔اپنی تقریر میں وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان میں اسرائیل کے عزم، حوصلے اور کامیابیوں کی بے حد قدر کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ہم جدید ریاستوں کے طور پر ایک دوسرے سے جڑنے سے بہت پہلے بھی اُن رشتوں میں بندھے تھے جن کی تاریخ دو ہزار سال سے زائد پر محیط ہے۔ کتابِ اِستیر میں ہندوستان کا ذکر ‘ہودو’ کے نام سے ملتا ہے، اور تلمود میں قدیم زمانے میں ہندوستان کے ساتھ تجارت کا حوالہ موجود ہے۔