پی ایم مودی کا ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-12-2025
پی ایم مودی کا ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
پی ایم مودی کا ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

 



ایڈیس ابابا:وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اس کے ساتھ وہ دنیا کی 18ویں پارلیمنٹ میں خطاب کرنے والے رہنما بن گئے۔وزیر اعظم نے ایتھوپیا کو شیروں کی سرزمین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں خود کو گھر جیسا محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے آبائی صوبے گجرات سے مماثلت بیان کی جہاں بھی شیر پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج آپ کے سامنے کھڑا ہونا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میں خود کو جمہوریت کے مندر میں موجود محسوس کر رہا ہوں۔ یہ ایک ایسی قوم کا دل ہے جس کے پاس قدیم دانش بھی ہے اور جدید امنگیں بھی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ 1.4 ارب ہندستانیوں کی نیک تمنائیں لائے ہیں۔ انہوں نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ عوام اور جمہوری سفر کے لئے گہرے احترام کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم عمارت میں عوام کی خواہش ریاست کی خواہش بن جاتی ہے۔ جب ریاست کا پہیہ عوام کے پہیے کے ساتھ ہم آہنگی سے چلتا ہے تو ترقی کا پہیہ امید اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔وزیر اعظم مودی نے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں گریںڈ آنر نشان آف ایتھوپیا سے نوازا۔ یہ ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ اعزاز ہندستان کے عوام کی جانب سے عاجزی اور ادب کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایتھوپیا دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ تاریخ اس کے پہاڑوں وادیوں اور عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے ثقافتی رشتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان کے قومی گیت وندے ماترم اور ایتھوپیا کے قومی ترانے میں سرزمین کو ماں کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی ایک قدیم تہذیب ہیں جو اعتماد کے ساتھ مستقبل کی جانب بڑھ رہی ہے۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس سب کا پریاس ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ مادر وطن کے لئے ہمارے جذبات مشترک سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ وندے ماترم اور ایتھوپیا کا قومی ترانہ ہمیں اپنی ثقافتی وراثت پر فخر کرنا اور وطن کی حفاظت کرنا سکھاتے ہیں۔یہ خطاب ایک دن بعد ہوا جب وزیر اعظم مودی نے وزیر اعظم ابی احمد علی کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ اس دوران ہندستان اور ایتھوپیا نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری تک بلند کیا۔ بات چیت میں غذائی تحفظ صحت تحفظ صلاحیت سازی ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ دواسازی طبی سیاحت توانائی اور اہم معدنیات پر تعاون شامل رہا۔

منگل کے روز وزیر اعظم کے اعزاز میں دی گئی ضیافت میں ایتھوپیائی گلوکاروں نے وندے ماترم پیش کیا۔ وزیر اعظم نے اس لمحے کو نہایت جذباتی قرار دیا۔ یہ موقع اس لئے بھی خاص تھا کہ ہندستان وندے ماترم کے 150 سال منا رہا ہے۔وزیر اعظم نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ضیافت کے دوران وندے ماترم کی شاندار پیشکش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ دل کو چھو لینے والا تھا خاص طور پر اس وقت جب وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہو رہے ہیں۔وزارت خارجہ کے مطابق اپنی دیگر مصروفیات کے تحت وزیر اعظم مودی دن کے اختتام پر ادوا میوزیم کا دورہ کریں گے۔ وہ ادوا وکٹری میموریل پر خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔