فلپائن میں تباہ کن طوفان “کالماگی” کی تباہ کاریاں، 85 ہلاک، درجنوں لاپتہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2025
فلپائن میں تباہ کن طوفان “کالماگی” کی تباہ کاریاں، 85 ہلاک، درجنوں لاپتہ
فلپائن میں تباہ کن طوفان “کالماگی” کی تباہ کاریاں، 85 ہلاک، درجنوں لاپتہ

 



سیبو :فلپائن کے وسطی حصے کے شہری طوفان کالماگی کے گزرنے کے بعد اپنے گھروں اور گلیوں سے کیچڑ اور ملبہ صاف کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ طوفان اب تک 85 افراد کی جان لے چکا ہے جب کہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں، سی این این نے مقامی نشریات کے حوالے سے رپورٹ کیا۔

سیبو صوبہ — جو سیاحوں کے لیے ایک مقبول مقام اور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے — میں سیلابی پانی اترنا شروع ہو گیا ہے، جس سے تباہی کی اصل صورتحال سامنے آ رہی ہے۔ کئی مکانات منہدم ہو گئے، گاڑیاں الٹ گئیں، اور سڑکیں ملبے سے بھر گئیں۔

سیبو شہر کے 58 سالہ رہائشی مارلن انریکیز نے بتایا کہ وہ اپنے گھر سے جتنا بچا سکتا تھا، بچانے کی کوشش کر رہا ہے، مگر گھر کی ہر چیز کیچڑ میں ڈوب چکی ہے۔ انہوں نے کہا: “ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ میں یہاں 16 سال سے رہ رہا ہوں، مگر اس طرح کا سیلاب پہلی بار دیکھا ہے۔”

دوسری جانب قریبی علاقے تالیسائے کی 38 سالہ ایلیین اوکن نے بتایا کہ ان کا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ “ہم نے برسوں محنت کر کے یہ گھر بنایا تھا، اور لمحوں میں سب کچھ ختم ہو گیا،” انہوں نے روتے ہوئے کہا۔ تاہم انہوں نے شکر ادا کیا کہ ان کی دونوں بیٹیاں اور باقی اہلِ خانہ محفوظ ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں چھ فوجی اہلکار بھی شامل ہیں، جن کا ہیلی کاپٹر امدادی مشن کے دوران منداناؤ کے علاقے اگوسان دل سور میں گر کر تباہ ہوا۔ قومی آفات ایجنسی کے مطابق کم از کم 75 افراد لاپتہ اور 17 زخمی ہیں۔

یہ طوفان، جسے مقامی طور پر “ٹینو” کہا جا رہا ہے، نے وسایاس خطے کے علاوہ جنوبی لوزون اور شمالی منداناؤ میں بھی شدید سیلاب اور بجلی کے بریک ڈاؤن کا سبب بنایا، جس کے باعث دو لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

یہ آفت اس وقت آئی ہے جب صرف ایک ماہ قبل شمالی سیبو میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے نے درجنوں افراد کی جان لے لی تھی اور ہزاروں کو بے گھر کر دیا تھا۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق، "کالماگی" جو اس سال فلپائن سے ٹکرانے والا بیسواں طوفان ہے، اب بحیرہ جنوبی چین کی سمت بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ یہ مزید طاقتور ہو جائے گا۔ ویتنام کے حکام نے طوفان کے جمعہ کے روز ممکنہ لینڈ فال کے پیشِ نظر پہلے ہی ہنگامی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔