سیبو آئی لینڈ:فلپائن میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 72 تک پہنچ گئی ہے۔ اقوام متحدہ کی خبر رساں ایجنسی نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ مقامی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز تلاش اور ریسکیو آپریشن مکمل کر دیا گیا۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 200 سے زائد افراد زخمی ہوئےہیں، جن میں زیادہ تر بگو(Bogo)، میڈی لن(Medellin) اور سان ریمیگیو(San Remigio) کے رہائشی ہیں۔ زلزلے سے ایک لاکھ گیارہ ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، جن میں تقریباً 20 ہزار بے گھر ہو گئے ہیں۔ بے گھر ہونے والے بیشتر افراد اپنے تباہ شدہ گھروں کے باہر یا کھلے آسمان تلے خیمہ زن ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے حوالے سے الجزیرہ نے بتایا کہ یہ زلزلہ منگل کی رات 9:59 بجے (13:59 جی ایم ٹی) سیبو آئی لینڈ کے شمالی حصے کے قریب بگو شہر کے پاس آیا۔ اس شہر کی آبادی تقریباً 90 ہزار ہے۔ زلزلے کے بعد علاقے میں چار مزید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 یا اس سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی امور(OCHA) کے مطابق، فلپائنی حکام نے چار بلدیات میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی ہے تاکہ ریلیف فنڈز جاری کیے جا سکیں۔ حکومت نے ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں اور ایک مشترکہ آپریشن سینٹر قائم کر لیا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق"ابتدائی رپورٹس میں گھروں، گرجا گھروں، اسکولوں، عوامی عمارتوں اور ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ کم از کم دو سی پورٹس ابھی تک غیر فعال ہیں، اور کئی سڑکیں جزوی طور پر بند ہیں جس سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔ انسانی ہمدردی کے شراکت داروں نے پناہ گاہ، پانی اور رسائی کی فوری ضرورتوں کی نشاندہی کی ہے۔"
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز فلپائن میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس مشکل وقت میں فلپائن کے ساتھ کھڑا ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے بیان میں مودی نے لکھافلپائن میں زلزلے سے ہونے والی جانی نقصان اور تباہ کاریوں کی خبر سے گہرا دکھ ہوا۔ میری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ بھارت اس مشکل گھڑی میں فلپائن کے ساتھ ہے۔"
مقامی میڈیا کے مطابق، سیبو کے کچھ حصوں میں "اسٹیٹ آف کلیمیٹی"(آفت کی کیفیت) نافذ کر دی گئی ہے۔ طاقتور زلزلے کے باعث کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
سیبو صوبے کی گورنر پامیلا بریکواترو نے فیس بک پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا:"ہم ابھی نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں، لیکن یہ ہماری توقعات سے کہیں زیادہ شدید ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ صدر کے دفتر سے رابطے میں ہیں اور امداد کی درخواست کر رہی ہیں۔