نئی دہلی
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پیر کے روز ایک بار پھر اپنے اس مؤقف کو دہرایا کہ لوگ بعض اوقات بیوقوفانہ باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب ان سے امریکہ میں ہندوستانیوں کے خلاف نسل پرستانہ تبصروں کے بارے میں سوال کیا گیا۔ یہ سوال اتوار کو قومی دارالحکومت میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اٹھایا گیا تھا۔
روبیو نے اپنے جواب کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ آن لائن تبصروں ک بات کر رہے تھے اور ان کا خیال ہے کہ ان میں سے کچھ پوسٹس ٹرولز یا بوٹس کی جانب سے بھی کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس سوال کے پس منظر کی مکمل معلومات نہیں تھیں، اس لیے انہوں نے فرض کیا کہ بات سوشل میڈیا پر ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یں نے سمجھا کہ سوال آن لائن لوگوں کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی باتوں کے بارے میں ہے۔ ان میں سے کچھ ٹرول یا بوٹس بھی ہو سکتے ہیں۔روبیو نے مزید کہا کہ اس طرح کا رویہ کسی ایک ملک تک محدود نہیں ہے۔ ان کے مطابق، بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر اور دنیا کے ہر ملک میں لوگ وقتاً فوقتاً بیوقوفانہ باتیں کرتے رہتے ہیں۔اپنے بیان میں روبیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ ایک خوش آمدید کہنے والا ملک ہے اور چند افراد کی جانب سے کیے جانے والے توہین آمیز تبصروں کو پورے ملک کی سوچ یا کردار کی عکاسی نہیں سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات مضبوط ہیں اور امریکی صدر ہندوستان کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان مضبوط تعلقات موجود ہیں۔
روبیو نے کہا کہ صدر ہندوستان سے محبت کرتے ہیں اور وزیر اعظم مودی کے بڑے مداح ہیں۔ اگر صدر مجھے یہاں بھیجنا نہ چاہتے تو میں یہاں موجود نہ ہوتا۔ وہ سرجیو جیسے شخص کو ہمارا سفیر بھی مقرر نہ کرتے، جو صدر کے بہت قریبی ہیں۔اتوار کے روز بھی روبیو نے امریکہ کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ایک ایسا ملک ہے جو دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانیوں کے خلاف نسل پرستانہ تبصروں کو "بیوقوف لوگوں" کی حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے خیالات امریکہ کے مجموعی کردار کی نمائندگی نہیں کرتے، جو تارکین وطن کے لیے دوستانہ ملک سمجھا جاتا ہے۔
نئی دہلی میں وزیر خارجہ جے شنکر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روبیو نے کہا تھا کہ وہ ہندوستانیوں کے خلاف نسل پرستی سے متعلق خدشات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، لیکن چند افراد کے توہین آمیز بیانات امریکہ کی بنیادی اقدار کی نمائندگی نہیں کرتے۔
دریں اثنا، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی فریق نے امریکہ اور ایران کے تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار پر کوئی تشویش ظاہر کی تھی، تو روبیو نے کہا کہ اس موضوع پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ اس بات پر تشویش ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے مسلح دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں جو ہندوستان کو نشانہ بناتے ہیں۔ وہ اس حوالے سے ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں۔ لیکن جہاں تک ایران کے معاملے میں پاکستان کے ثالث یا سہولت کار کے کردار کا تعلق ہے، یہ موضوع زیر بحث نہیں آیا۔ میرے خیال میں وہ اس پر اعتراض بھی نہیں کریں گے کیونکہ پاکستان کے ساتھ ان کا مسئلہ مختلف نوعیت کا ہے۔
چین اور ہندوستان کے حالیہ دوروں کا موازنہ کرنے سے متعلق سوال پر روبیو نے دونوں ممالک کو اہم قرار دیا، تاہم انہوں نے ہندوستان کو امریکہ کا ایک اہم تزویراتی اتحادی اور ایک متحرک جمہوریت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے۔ یہ ایک جمہوری ملک ہے اور امریکہ کا مضبوط تزویراتی شراکت دار بھی ہے۔