سعودی عرب نےغزہ امن معاہدے پر کیا کہا؟

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-10-2025
سعودی عرب نےغزہ امن معاہدے پر کیا کہا؟
سعودی عرب نےغزہ امن معاہدے پر کیا کہا؟

 



ریاض / آواز دی واجئس
سعودی عرب نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے، جس کا مقصد "غزہ پٹی پر جنگ کے خاتمے" کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ "ایک جامع اور منصفانہ امن کی راہ ہموار کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مملکت، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فعال کردار اور ریاستِ قطر، عرب جمہوریہ مصر اور جمہوریہ ترکیہ کی ثالثی کوششوں کو سراہتی ہے جنہوں نے اس معاہدے تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مملکت کو امید ہے کہ یہ اہم قدم فلسطینی عوام کی انسانی مشکلات کو کم کرنے، اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، امن و استحکام کی بحالی، دو ریاستی حل کی بنیاد پر ایک جامع اور منصفانہ امن کے قیام، اور مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ سب متعلقہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، عرب امن اقدام، اور فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ سے متعلق نیویارک اعلامیے کے مطابق ہوگا۔
دوسری جانب، اسرائیلی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی "غزہ امن منصوبے" کے تحت جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیرِاعظم نیتن یاہو نے پہلے اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کا اجلاس طلب کیا تاکہ فیصلے پر غور کیا جا سکے، اور بعد میں وزراء سے ملاقات کی۔
اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے جمعہ کی صبح اعلان کیا کہ حکومت نے تمام یرغمالیوں  زندہ اور جاں بحق  کی رہائی کے خاکے کی منظوری دے دی ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ جنگ بندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر بھی یروشلم میں اسرائیلی حکومت کے اجلاس میں موجود تھے، جہاں اس امریکی ثالثی شدہ جنگ بندی معاہدے پر ووٹنگ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، اس منظوری کے ساتھ اسرائیلی حکومت نے جنگ بندی معاہدے کے "پہلے مرحلے" کی توثیق کر دی، جس کے تحت یرغمالیوں کے تبادلے اور اسرائیلی افواج کے غزہ کے کچھ حصوں سے انخلا کی توقع ہے۔ حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے دی گئی ضمانتوں سے یہ واضح ہے کہ جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ "غزہ کی جنگ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
غزہ کی سول ڈیفنس نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں شمالی غزہ کے علاقے "الصبرہ" میں 40 سے زائد فلسطینی ملبے تلے دب گئے۔ تاہم اسرائیلی ڈیفنس فورسز  نے دعویٰ کیا کہ حملہ شمالی غزہ میں "حماس کے ایک دہشت گرد سیل" پر کیا گیا جو "فوری خطرہ" پیدا کر رہا تھا۔ سی این این نے کہا کہ وہ  آئی ڈی ایف کے اس بیان کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکتی۔
سول ڈیفنس کی ایک ویڈیو میں ہنگامی کارکنوں کو ملبے تلے دبے مرد، عورتوں اور بچوں کو بچانے کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے۔ ایک کلپ میں ایک ریسکیو ورکر ایک چھوٹے لڑکے کو ملبے سے نکالتا ہے، جس کا جسم مٹی اور خون کے دھبوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ بچے کی چیخیں سنائی دیتی ہیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ لڑائی ختم ہوگی اور یرغمالیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔
بعد ازاں جمعرات کی صبح وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ رات ہم نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک تاریخی پیش رفت حاصل کی — کچھ ایسا جس کے بارے میں لوگوں کا کہنا تھا کہ کبھی ممکن نہیں ہوگا۔ ہم نے غزہ کی جنگ ختم کر دی، اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایک پائیدار اور شاید دائمی امن ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تمام باقی ماندہ یرغمالیوں کی رہائی یقینی بنائی ہے، اور وہ پیر یا منگل تک رہا کر دیے جائیں گے۔ یہ ایک پیچیدہ عمل ہے… میں خود وہاں جانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ہم وقت کا تعین کر رہے ہیں — ہم مصر جائیں گے، جہاں ایک اضافی دستخطی تقریب ہوگی۔ ایک نمائندہ دستخط پہلے ہی ہو چکے ہیں، مگر اب ایک باضابطہ دستخطی تقریب ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے مزید زور دیا کہ ان کی انتظامیہ نے دنیا بھر میں تنازعات کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ان کے دور میں کئی جنگیں اختتام پذیر ہو چکی ہیں۔