پاکستانی قومی سلامتی مشیر محمد یوسف کابل پہنچ گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستانی  قومی سلامتی مشیر محمد یوسف کابل پہنچ گئے
پاکستانی قومی سلامتی مشیر محمد یوسف کابل پہنچ گئے

 

 

کابل:دال میں کچھ کالا ہے ،اچانک پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف سنیچر کو طالبان سے بات چیت کے لیے کابل پہنچ گئے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق معید یوسف کے اس دورے کا مقصد افغانستان کے نئے حکمران طالبان کے ساتھ انسانی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں پاکستان نے طالبان کی واپسی کے لیے پس پردہ ایک بڑا کھیل کیا تھا مگر اس کے بعد سے طالبان کے ساتھ تعلقات بہت زیادہ دوستانہ نظر نہیں آرہے ہیں۔حالیہ دنوں میں سرحد پر طالبان کے ساتھ پاکستانی فوج کا ٹکراو بھی ہوا ہے جب طالبان نے سرحد پر لگائی گئی خاردار باڑھ اکھاڑ کر پھینک دی تھی۔

 معید یوسف جو بین وزارتی رابطہ سیل برائے افغانستان (اے آئی سی سی) کے کنونیر بھی ہیں، نے جنگ زدہ ملک میں انسانی بحران کو روکنے کی کوششوں پر بات چیت سمیت دوسرے موضوعات پر بات چیت کے لیے پہلے 18-19 جنوری کو افغانستان کا دورہ کرنا تھا۔

 پاکستان دفتر خارجہ کے مطابق اس وقت یہ دورہ موسم کی شدید خرابی کے باعث ملتوی کرنا پڑا تھا۔ تاہم وہ آج کابل پہنچے اور اپنے دورے کا آغاز قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات سے کیا۔

 افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’ہمارے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف ایک بین وزارتی وفد کے ہمراہ کابل میں ہیں۔ ان کے دورے کا آغاز قائم مقائم وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ایک مثبت ملاقات سے ہوا ہے۔ ۔

 ’وہ انسانی اور اقتصادی معاملات کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد سرکاری ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ معید یوسف کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے پاکستان پوری دنیا سے مدد کی اپیل کر رہا ہے۔

 گذشتہ سال اگست میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغانستان میں انسانی صورتحال کافی خراب ہو چکی ہے۔

 عالمی امداد اچانک رک گئی اور امریکہ نے افغان سینٹرل بنک کے بیرون ملک موجود نو ارب 50 کروڑ ڈالر کے اثاثوں کو بھی منجمد کر دیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت دو کروڑ 30 لاکھ افغان شہری بھوک کے خطرے سے دوچار ہیں۔۔