نیویارک: پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں بے چینی اور احتجاجی سرگرمیوں پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی سہراب برکت کی گرفتاری کے بعد پاکستان کو صحافتی آزادی کے حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ) کے مطابق سہراب برکت کو 5 جون کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر پی او جے کے میں حالیہ احتجاجی مظاہروں اور سیاسی صورتحال سے متعلق رپورٹس نشر کی تھیں۔ سی پی جے کی رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے بعد حکام نے ان کا موبائل فون اور گاڑی کی چابیاں ضبط کر لیں، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے 6 جون کو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ سہراب برکت نے پاکستان کے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کی بعض دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس قانون کے تحت ’’جھوٹی‘‘ یا ’’گمراہ کن‘‘ معلومات پھیلانے پر تین سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ مقدمے میں خاص طور پر 5 جون کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں برکت نے پی او جے کے کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی تھی۔
حکام کا الزام ہے کہ انہوں نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے بیانیے کو فروغ دیا، جو ایک عوامی احتجاجی تحریک ہے اور حالیہ عرصے میں حکومتی نگرانی اور کارروائیوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔ بعد ازاں ایک مقامی عدالت نے صحافی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ سی پی جے کے افغانستان و پاکستان نمائندے ولی اللہ رحمانی نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ سہراب برکت کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کا ضبط شدہ سامان واپس کیا جائے اور میڈیا کارکنوں کے خلاف مبہم الزامات، غلط معلومات اور قومی سلامتی سے متعلق قوانین کا استعمال بند کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پی او جے کے میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حال ہی میں حکام نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کو انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کے تحت کالعدم قرار دیا تھا، کیونکہ اس تنظیم نے اُن اسمبلی نشستوں کے خلاف احتجاج منظم کیا تھا جو کئی دہائیاں قبل ہندوستان سے ہجرت کرکے آنے والے مہاجرین کے لیے مخصوص ہیں۔