اقوام متحدہ نے عمران خان کی نظر بندی کی شرائط ختم کرنے کا مطالبہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-12-2025
اقوام متحدہ نے عمران خان کی نظر بندی کی شرائط ختم کرنے کا مطالبہ کیا
اقوام متحدہ نے عمران خان کی نظر بندی کی شرائط ختم کرنے کا مطالبہ کیا

 



جنیوا/ آواز دی وائس
اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی حراستی حالت سے متعلق غیر انسانی اور غیر باوقار سلوک کی رپورٹس پر فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ حالات تشدد اور دیگر غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ یہ پیغام اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے تشدد، ایلس جل ایڈورڈز نے جمعہ کے روز جاری کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کی حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی۔
ایڈورڈز نے کہا کہ میں پاکستانی حکام سے مطالبہ کرتی ہوں کہ عمران خان کی حراستی حالت کو مکمل طور پر بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کے مطابق بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے بعد عمران خان کو طویل عرصے تک تنہائی کی قید میں رکھا گیا ہے، جہاں وہ مبینہ طور پر روزانہ 23 گھنٹے سیل میں بند رہتے ہیں اور بیرونی دنیا تک ان کی رسائی نہایت محدود ہے۔ ان کا سیل مبینہ طور پر مسلسل کیمرہ نگرانی میں ہے۔
بیان کے مطابق خصوصی نمائندہ نے زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت طویل یا غیر معینہ مدت کی تنہائی کی قید ممنوع ہے، اور اگر یہ 15 دن سے زیادہ ہو جائے تو اسے نفسیاتی تشدد تصور کیا جاتا ہے۔
ایڈورڈز نے کہا کہ عمران خان کی تنہائی کی قید فوری طور پر ختم کی جانی چاہیے۔ یہ نہ صرف غیر قانونی اقدام ہے بلکہ طویل تنہائی ان کی جسمانی اور ذہنی صحت پر انتہائی منفی اثرات ڈال سکتی ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ موصولہ معلومات کے مطابق عمران خان کو کھلی فضا میں جانے، دیگر قیدیوں سے ملنے یا اجتماعی نماز میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی۔ وکلا، اہلِ خانہ اور عدالت کی اجازت یافتہ دیگر افراد کی ملاقاتیں اکثر روک دی جاتی ہیں یا وقت سے پہلے ختم کر دی جاتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کو ایک چھوٹے سے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں قدرتی روشنی اور مناسب ہوا کا انتظام نہیں۔ سردیوں اور گرمیوں میں درجۂ حرارت انتہائی ہو جاتا ہے، جبکہ خراب ہوا کی گردش کے باعث بدبو اور کیڑوں کی بہتات رہتی ہے۔ نتیجتاً انہیں متلی، قے اور نمایاں وزن میں کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ماہر نے کہا کہ آزادی سے محروم ہر شخص کے ساتھ انسانیت اور وقار کے ساتھ سلوک ہونا چاہیے۔ حراستی حالات فرد کی عمر اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونے چاہئیں، جن میں مناسب نیند، موسم سے تحفظ، مناسب جگہ، روشنی، حرارت اور ہوا کا انتظام شامل ہے۔ 72 سالہ عمران خان کو ماضی میں صحت کے سنگین مسائل رہے ہیں، جن میں 2013 کے ایک حادثے میں ریڑھ کی ہڈی کی شدید چوٹ اور 2022 میں قاتلانہ حملے کے دوران گولی لگنے کے زخم شامل ہیں۔
ایڈورڈز نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق عمران خان کو مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ میں حکام سے اپیل کرتی ہوں کہ ان کے ذاتی معالجین کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ خصوصی نمائندہ نے عمران خان کے معاملے کو پاکستان کی حکومت کے سامنے اٹھایا ہے اور آئندہ پیش رفت پر نظر رکھے گی۔ جمعہ کے روز ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمیما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ان کے بیٹوں کو گزشتہ 22 ماہ سے اپنے والد سے نہ ملنے اور نہ بات کرنے دیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ عمران خان کے بارے میں پوسٹ کرنے کے باوجود ان کی رسائی محدود کر دی جاتی ہے اور انہوں نے ایلون مسک سے اپیل کی کہ وہ “نمائش کو درست کریں” تاکہ پیغام عوام تک پہنچ سکے۔
جمیما گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ ایلون مسک سے ذاتی اپیل۔ میرے دونوں بیٹوں کو اپنے والد عمران خان سے ملنے یا بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جو اقوامِ متحدہ کے مطابق غیر قانونی طور پر 22 ماہ سے تنہائی کی قید میں ہیں۔ ایکس واحد پلیٹ فارم ہے جہاں ہم دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ وہ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ایک سیاسی قیدی ہیں، مگر ہر بار میری پوسٹ کی رسائی تقریباً صفر کر دی جاتی ہے۔ آپ نے آزادیٔ اظہار کا وعدہ کیا تھا، یہ نہیں کہ بات ہو مگر کوئی سنے نہیں۔ براہِ کرم میری اکاؤنٹ کی نمائش درست کریں تاکہ پیغام عام ہو سکے۔
عمران خان کی حالت سے متعلق افواہیں اس وقت مزید پھیل گئیں جب افغان میڈیا کی غیر مصدقہ رپورٹس میں ان کی حراست کے دوران موت کا دعویٰ کیا گیا۔ ان کے بیٹے قاسم خان نے ایکس پر مطالبہ کیا کہ اس بات کا ثبوت دیا جائے کہ سابق وزیر اعظم زندہ ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ عمران خان کو قید ہوئے 845 دن ہو چکے ہیں اور دعویٰ کیا کہ انہیں چھ ہفتوں سے بغیر خاندانی رسائی کے “ڈیتھ سیل” میں رکھا گیا ہے۔
عمران خان اگست 2023 سے مختلف مقدمات میں جیل میں ہیں۔ ایک ماہ سے زائد عرصے سے ملاقاتوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں، جن کے بارے میں پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک فوجی افسر کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں، تاہم حکام اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔  عظمیٰ خانم کو اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت ملنا محض آغاز ہے اور عدالت کی ہدایات کے مطابق اب باقاعدہ اور بلا رکاوٹ ملاقاتوں کی اجازت دی جانی چاہیے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب قید اپوزیشن رہنما کے گرد سیاسی کشیدگی برقرار ہے۔